افغانستان میں امن کے حوالے سے وزیرخارجہ کا بیان غلط طور پر پیش کیا گیا دفترخارجہ

پاکستان بار بار کہہ چکا کہ اس کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، دفترخارجہ


ویب ڈیسک August 02, 2021
پاکستان بار بار کہہ چکا کہ اس کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، دفترخارجہ۔فوٹو:فائل

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے وزیرخارجہ کا بیان غلط طور پر پیش کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پر طالبان کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے حوالے سے وزیرخارجہ کے بیان کو غلط طور پر پیش کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ نے واضح طور پر عالمی برادری، علاقائی کھلاڑیوں اور خود افغانوں کے درمیان دہشت گردی کی لعنت کے حوالے سے اتفاق پیدا کرنے بارے بات کی، ان کے بیان کو کسی صورت افغان تنازعہ کے کسی ایک فریق کی وکالت نہیں لینا چاہئیے، پاکستان بار بار کہہ چکا کہ اس کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ تنازعہ کے تمام فریقین افغان ہیں جنہیں اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنا چاہئے، ہم افغان امن عمل میں تعمیری سہولت کاری کا کردار جاری رکھیں گے، تمام توانائیاں افغان تنازعہ کے وسیع البنیاد جامع سیاسی حل پر صرف کرنے پر ایک بار پھر زور دیتے ہیں۔

مقبول خبریں