انگلینڈ نے پاکستان کے سارے احسان بھلا دیئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 اگست 2021
اپنے بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے مشورے پر مونٹی پنیسرایونٹ سے دستبردار  ۔ فوٹو : فائل

اپنے بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے مشورے پر مونٹی پنیسرایونٹ سے دستبردار ۔ فوٹو : فائل

 ممبئی:  انگلینڈ نے پاکستان کے سارے احسان بھلا دیے اور کورونا وبا میں بھی ٹیم بھجنے کا لحاظ نہ کیا۔

انگلینڈ نے بھارتی ایما پر اپنے کھلاڑیوں کو کشمیر پریمیئر لیگ سے روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے،یہ بات خود بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے میڈیا کو بتائی،ان کے مطابق یہ بات درست ہے کہ ای سی بی اپنے کھلاڑیوں کو کشمیر لیگ کیلیے ریلیز نہیں کر رہا،ہمیں پاکستان سپر لیگ سے کوئی مسئلہ نہیں مگر کشمیر میں ایونٹ نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنی حکومت کے موقف پر قائم ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس کورونا وبا عروج پر ہونے کے باوجود پاکستان نے اپنی کرکٹ ٹیم انگلینڈ بھیجی تھی مگر ای سی بی نے اس کا بھی لحاظ نہیں کیا،اس نے پاکستان کے سارے احسانات فراموش کردیے،اس کی بڑی وجہ بھارتی خوشنودی ہے جس نے اپنی خواتین کرکٹرز کو دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی،مینز ایونٹ میں بھی چند بھارتیوں کی شرکت پر بات چیت جاری ہے۔

ادھرانگلینڈ کے سابق اسپنر مونٹی پنیسر نے کشمیر لیگ سے دستبردار ہونے کا اعلان بھی کردیا۔ انھوں نے کہا کہ میں کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتا، انگلش بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کشمیر لیگ میں نہیں جاؤں گا۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے تصدیق کی ہے کہ بی سی سی آئی نے تمام ممالک سے رابطہ کرکے انھیں اپنے کھلاڑی کے پی ایل کیلیے ریلیز نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔6 اگست کو شروع ہونے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں مقابل ہوں گی،ان میں سے ایک ٹیم کو اوورسیزواریئرز کا نام دیا گیا ہے جس کا مونٹی پنیسر کو حصہ بننا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔