بابر اعظم تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوس

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 5 اگست 2021
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کیلیے بہت محنت کرنا ہوگی، کپتان ۔  فوٹو : فائل

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کیلیے بہت محنت کرنا ہوگی، کپتان ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: بابر اعظم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوس ہیں۔

پراویڈنس میں چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں اچھی کرکٹ سے ہم اپنے اعتماد میں اضافہ کرنا چاہتے تھے، یہ پلان بھی تھا کہ مختلف کمبی نیشن آزماتے ہوئے ورلڈکپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے، ہماری سوچ تھی کہ یہاں کیے جانے والے تجربات سے آئندہ کے پلان بنانے میں مدد ملے گی، بیٹنگ آرڈر میں بھی کھلاڑیوں کو آزمائیں گے مگر بدقسمتی سے اتنا موقع ہی نہیں مل سکا۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ٹور میں پاکستان نے کیریبیئنز کو شکست دی تھی،اس بار بھی سیریز کی جیت خوش آئند ہے، ہم اپنی کارکردگی کی بل بوتے پر اس سے بہتر نتائج کے خواہاں تھے،موسم کی مداخلت نہ ہوتی تو مضبوط میزبان ٹیم کیخلاف زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا لیکن بارش اور اس جیسے دیگر عوامل کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔

کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی فارم اور فٹنس پر کام کیا ہے، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات میں طویل عرصے تک فیملیز سے دور رہتے ہوئے بائیوببل کی سختیاں جھیلنا کسی کیلیے بھی آسان نہیں ہوتا، اس کے باوجود کھلاڑیوں کا ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد رہنا خوش آئند ہے، اس کا کریڈٹ خود پلیئرز اور مینجمنٹ سب کو جاتا ہے۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد اب نگاہیں ٹیسٹ میچز پر مرکوز ہوں گی، جس جوش اور جذبہ کے ساتھ ہم وائٹ بال کرکٹ کیلیے میدان میں اترے وہی طویل فارمیٹ کے مقابلوں میں برقرار رکھیں گے،سخت جان کیریبیئنز کو زیر کرنے کیلیے بہت محنت کرنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔