مری میں سیاحوں سے لڑائی جھگڑا کرنے والے 2 لڑکے گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 5 اگست 2021
ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج

ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج

 راولپنڈی: مری پنڈی پوائنٹ پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ عملہ کی جانب سے سیاحوں سے لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ اور ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ مری پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیاح فیملی سے جھگڑا کرنے، ہراساں کرنے اور سڑک پر ہنگامہ کرنے والے 2 ملزمان حارث اور تیمور کو گرفتار کر لیا۔

ملزم حارث لوکل ٹرانسپورٹ کا ڈرائیور اور تیمور اس کا ساتھی ہے۔ سیاح فیملی کی جانب سے واقعہ کی رپورٹ نہ کرنے پر مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

سی پی او محمد احسن یونس نے کہا کہ سیاح فیملیز قابل احترام ہیں ان کے ساتھ لڑائی جھگڑا یا ہراساں کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، مری آنے والے سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا، سیاح فیملیز کے ساتھ ناروا سلوک یا لڑائی جھگڑے کے کسی بھی واقعہ پر متاثرہ فیملی رپورٹ نہ بھی کرے تو مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔