سی اے اے کی اندورن ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے پر دوبارہ پابندی عائد

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 5 اگست 2021
 اس سے قبل ایئرلائینز کو 21 جولائی سے مسافروں کو پیک شدہ کھانا پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔(فوٹو:فائل)

اس سے قبل ایئرلائینز کو 21 جولائی سے مسافروں کو پیک شدہ کھانا پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔(فوٹو:فائل)

 کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے اندورن ملک پروازوں پر کھانا فراہم کرنے پر دوبارہ پابندی عائد کردی۔

سی اے اے حکام کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اندورن ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے پر پابندی این سی او سی کی ہدایات پر ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عائد کی گئی ہے.  جب کہ اندورن ملک ہوائی سفر کے لیے لازمی ویکسینیشن پالیسی، پاکستان میں محفوظ سیاحت کے حوالے سے ہوائی سفری ہدایات اور پہلے سے نافذ ہوائی یا تمام فضائی سفری پالیسیاں لاگو رہیں گی۔

مراسلے میں تمام ائیر لائن آپریٹرز کو سختی سے کورونا ایس او پیز پر تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے مجاز ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایئرلائینز کو 21 جولائی سے مسافروں کو پیک شدہ کھانا پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی، کھانا نہ پیش کرنے کی اطلاعات پر پرسی اے اے کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 29 جولائی کو جاری مراسلے میں ائرلائنز کو تنبیہ بھی کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔