آسٹریلیا اوپن لینا نے سبولکووا کے ارمان ٹھنڈے کردیے

لینا نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سلواکین حریف ڈومنیکا سبولکووا کو ہرا کر کیریئر کا سنگلز گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا۔


AFP/Sports Desk January 26, 2014
لینا نے اپنی حریف کو 7-6(7/3) اور6-0 سے ہرایا فوٹو: اے ایف پی

چینی اسٹار لینا آسٹریلین اوپن کی نئی چیمپئن بن گئیں، انھوں نے سلواکین حریف ڈومنیکا سبولکووا کے ارمان ٹھنڈے کرتے ہوئے کیریئر کا دوسراویمنز سنگلز گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا،مینز ڈبلز ٹائٹل لوکاس کوبوٹ اور روبرٹ لنزسٹیڈٹ کے نام رہا،مینز سنگلز فائنل اتوار کو ٹاپ سیڈ رافیل نڈال اور سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کے درمیان کھیلا جائیگا، مکسڈ ڈبلز ٹرافی کیلیے ثانیہ مرزا اور ہوریا ٹائیکو کا مقابلہ کرسٹینا میلڈونووک اور ڈینئیل نیسٹور سے ہوگا

۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم کے ویمنز سنگلز فائنل میں 20 سیڈ ڈومنیکا سبولکوا کا شاندار سفر تمام ہوگیا،انھیں فائنل میں چینی اسٹار لینا نے 7-6(7/3) اور6-0 سے ہرایا،لینا آسٹریلین اوپن جیتنے والی عمر رسیدہ پلیئر بھی بنیں،31 سالہ پلیئر نے میلبورن پارک میں تیسری کوشش میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، اس سے قبل وہ2011 اور2013 کے فائنلز میں ناکامی سے دوچار ہوچکی تھیں۔

 photo 4_zpsb89a2a97.jpg

انھوں نے تین برس قبل فرنچ اوپن کی صورت میں کیریئر کا اولین گرینڈ سلم جیتا تھا، ان سے قبل سابق آسٹریلین پلیئر مارگریٹ کورٹ نے1973 میں 30 برس کی عمر میں چیمپئن بن کرعمر رسیدہ فاتح کا اعزاز پایا تھا، دوسری جانب پستہ قد ' راکٹ پاکٹ ' کی عرفیت رکھنے والے ڈومنیکا سبولکووا نے کیریئر کی بہترین پرفارمنس سے فائنل تک رسائی پائی، لینا نے اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے پہلا سیٹ 70 منٹ کے مقابلے میں جیتا، 24 سالہ سبولکوا ایشین حریف کے ریٹرن شاٹ کا بھرپور جواب دینے میں بھی ناکام دکھائی دیں،تیسرے گیم میں انھوں نے کچھ ہمت دکھاتے ہوئے 2 بریک پوائنٹس حاصل کیے، جس کے نتیجے میں مقابلہ 2-1 ہوا، لینا نے اگلے گیم میں سبولکوا کو اپنی مرضی کے مطابق کورٹ کے دونوں اطراف گھمایا، پہلی سروس لینا کیلیے سخت پریشانی کا سبب بنی، اس نے سبولکووا کیلیے میچ میں واپسی کا دروازہ کھول دیا۔

حریف کے 2 ڈبل فالٹس کی بدولت سلواکین پلیئر نے مقابلہ 3-3 سے برابر کیا، جس کے بعد دونوں پلیئرز کے درمیان ایک ایک پوائنٹ کیلیے بھرپور مقابلہ ہوا اور ایک مرحلے پر اسکور5-5 ہوگیا،سبولکوا کے بیک ہینڈ شاٹ پر ملنے والے بریک پوائنٹ نے پہلے سیٹ کو لینا کے حق میں 6-5 بنادیا، سبولکوا جدوجہد کرکے اس سیٹ کو ٹائی بریکر تک لے جانے میں کامیاب ہوئیں لیکن لینا نے شاندار ونرز کھیل کر سیٹ کو اپنے نام کرلیا، چینی اسٹار نے دوسرے سیٹ میں حریف پر ابتدا ہی سے دبائو بنائے رکھا اوریکطرفہ طور پر 6-0 سے فتح حاصل کرلی۔ مینز ڈبلز ٹائٹل لوکاس کوبوٹ اور روبرٹ لنزسٹیڈٹ نے حاصل کر لیا، سنگلز کے فیصلہ کن معرکے میں اتوار کو ٹاپ سیڈ رافیل نڈال اور سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا آمنے سامنے ہونگے۔ مکسڈ ڈبلز ٹرافی کیلیے ثانیہ مرزا اور ہوریا ٹائیکو کا مقابلہ کرسٹینا میلڈونووک اور ڈینئیل نیسٹور سے ہونا ہے۔