کوئلے سے بجلی کی پیداوار

وطن عزیز میں توانائی کا بحران مسلسل جاری ہے اور ساتھ میں اس بحران کے حل کے بھی بلند بانگ دعوے حکومتی ذرایع سےجاری ہیں۔


Editorial January 26, 2014
اس بات پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے. فوٹو: فائل

لاہور: وطن عزیز میں توانائی کا بحران مسلسل جاری ہے اور ساتھ میں اس بحران کے حل کے بھی بلند بانگ دعوے حکومتی ذرایع سے جاری ہیں۔ سابق صدر نے جاتے جاتے ایران سے گیس کی پائپ لائن کا معاہدہ کر لیا حالانکہ یہ بات اظہر من الشمش تھی کہ امریکا ایران پر پابندیوں کی بنا پر یہ بیل کبھی منڈھے نہیں چڑھنے دے گا، اور ہوا بھی ایسا ہی۔ پھر بھارت سے بجلی کے خریدنے کی بات چلی لیکن تا دم تحریر اس کا بھی ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ پاکستان میں کوئلے کے بھاری ذخائر صدیوں سے زیر زمین سوئے پڑے ہیں جن کو ماہرین کے بقول بجلی پیدا کرنے میں استعمال کر کے ملک بھر کو چکا چوند کیا جا سکتا ہے۔ اسی سلسلے میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی و سائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ تھر کا کوئلہ پاکستان میں توانائی کا مستقبل ہے۔

اس بات پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے لیکن فنی ( ٹیکنیکل ) معاملات پر بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔وہ ہفتہ کو کراچی میں ''توانائی میں خود کفالت، تھرکول کی تیز تر ترقی اور پاور پروجیکٹس کی تنصیب'' کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انھوں نے کہا میں وفاق کی طرف سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ تھر کول کے منصوبوں سمیت سندھ میں بجلی پیدا کرنے کے دیگر منصوبوں کی راہ میں وفاقی ادارے رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں، لیکن تھر کے کوئلے کی ترقی کے منصوبوں میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی وسائل کی کمی ہے تاہم پہلے مرحلے میں 660 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی اور پھر مرحلہ وار بجلی کی پیداوار 4 ہزار میگاواٹ تک بڑھائی جائے گی۔

مقبول خبریں