دنیا کا سب سے بڑا کیچوا آسٹریلیا میں پایا جاتا ہے

جنوبی گپس لینڈ کی جھیل میں جو ارتھ ورم پائے جاتے ہیں وہ چھ فٹ سے بھی زائد طویل ہوتے ہیں


ویب ڈیسک August 11, 2021
تصویر میں آسٹریلیا کا گپس لینڈ کیچوا دیکھا جاسکتا ہے جو سب سے لمبا کیچوا بھی ہے۔ فوٹو: فائل

آپ نے گیلی مٹی میں پوشیدہ کیڑے یا کیچوے ضرور دیکھیں ہوں گے لیکن کبھی سوچا ہے کہ دنیا کا سب سے لمبا کیچوا کتنا بڑا ہوتا ہے؟ اس کا جواب ہے کہ آسٹریلوی مٹی میں دنیا کا سب سے طویل کیچوا پایا جاتا ہے جو چھ فٹ سے زائد لمبا ہوسکتا ہے۔

ایسے کیچووں کی بہتات آپ بیس ریور ویلی میں دیکھ سکتے ہیں جو وکٹوریہ کے شمال میں گپس لینڈ نامی علاقے میں دیکھ سکتے ہیں۔ ایک کیچوے کی لمبائی ساڑھے چھ فٹ سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

اسے عموماً گپس لینڈ کیچوا کہا جاتا ہے اور اس کا حیاتیاتی نام میگااسکولائڈز آسٹریلس ہے۔ یہ شرمیلا کیڑا زمین کے نیچے رہتا ہے اور کبھی کبھار ہی اوپر آتا ہے جبکہ ماحول کتنا ہی بدل جائے یہ زندہ رہتا ہے۔ آسٹریلوی جھیل کے کنارے 150 مربع میل کے علاقے میں یہ موجود رہتا ہے۔ یہاں پہلے گھنا جنگل تھا اور اب یہاں کھیتی باڑی ہوتی ہے۔ اس کے باوجود یہ کیڑا ہر ماحول میں زندہ سلامت رہتا ہے۔



1800 کے لگ بھگ ان کیچووں کا پہلا ریکارڈ ملتا ہے جب یہاں ریلوے لائن بچھانے کا کام ہورہا تھا۔ پہلے گمان ہوا کہ شاید یہ سانپ ہے لیکن سائنسدانوں نے کہا ہے کہ یہ زائد بڑھوتری والے کیچوے ہیں اس وقت ان کی لمبائی ایک سے دو میٹر نوٹ کی گئی تھی۔ اس طرح یہ دنیا کا طویل ترین کیچوا بھی کہلانے کا مستحق ہے۔



ان کی جلد گیلی اور چکنی ہوتی ہے اور یہ نرم گیلی مٹی میں جب تیزی سے رینگتے ہیں تو اس سے تیز آواز خارج ہوتی ہے جو پانی کے تیز بہاؤ کی طرح محسوس ہوتی ہے۔ بعض لوگ اس آواز کو سن کر خوفزدہ بھی ہوجاتے ہیں۔

اپنے مضبوط اگلے پٹھوں کی وجہ سے مٹی میں جاگھستے ہیں اور ان کی خوراک، بیکٹیریا، الجی اور فنجائی ہوتے ہیں۔ اپنی قوت کی بنا پر یہ پانچ فٹ گہرائی تک جاپہنچتے ہیں۔ شدید بارش کےبعد یا ان کا گڑھا بہنے کے بعد ہی انہیں دیکھا جاسکتا ہے۔