ٹائیگرز نے سری لنکا پر فتح کا خواب آنکھوں میں بسالیا

بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آج شروع ہوگی، پریرا کی شرکت متوقع


Sports Desk January 27, 2014
بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آج شروع ہوگی، پریرا کی شرکت متوقع۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کاآغاز پیر سے ہو رہا ہے، بنگال ٹائیگرز نے آئی لینڈرز پر فتح کا سہانا خواب آنکھوں میں بسالیا، ٹیسٹ اسٹیٹس ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر میزبان سائیڈ میں بجلیاں دوڑنے لگیں، اپنی اہمیت فیلڈ میں ثابت کرنے کا تہیہ کرلیا۔

دوسری جانب مہمان سائیڈ بھی حریف ٹیم کو آسان شکار سمجھنے کو تیار نہیں ہے، کپتان انجیلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ ماضی کے نتائج پر انحصار نہیں کرنا چاہتے ہیں، پوری شدت سے بنگلہ دیشی ٹیم کا مقابلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان آخری مرتبہ ٹیسٹ مقابلہ مارچ 2013 میں ہوا تھا جس میں کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم پر خطرناک کنڈیشنز میں آئی لینڈرز نے میچ جیت کر سیریز بھی اپنے نام کی تھی، اس سیریز میں مشفیق الرحیم اپنے ملک کے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹسمین بنے تھے جبکہ اشرفل نے 190 رنز بنائے تھے اگرچہ سابق کپتان میچ فکسنگ میں ملوث قرار پانے کی وجہ سے اب ٹیم کا حصہ نہیں تاہم مشفیق الرحیم ایک بار پھر پہلے جیسی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، ان کیلیے اس وقت بڑا سوال یہ ہے کہ وہ شمس الرحمان کوٹیسٹ کیپ دیں یا پھر تمیم اقبال کا اوپننگ پارٹنر بنانے کیلیے امرالقیس کو میدان میں اتاریں۔

 photo 3_zpseb35bff8.jpg

میزبان سائیڈ تین اسپنرز کے ساتھ بھی فیلڈ سنبھال سکتی ہے مگر سابق کپتان شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ مقابلہ جب دو ایشیائی ٹیموں میں ہو رہا ہو تو پھر اسپن کنڈیشنز کا کوئی فائدہ باقی نہیں رہ جاتا تاہم امکان یہی ہے کہ ہر دن کے پہلے سیشن میں وکٹ میں اچھا خاص بائونس موجود ہوگا تاہم باقی دن بیٹسمین اپنے من پسند شاٹس کھیل سکیں گے۔ دوسری جانب سری لنکا نوان پرادیپ اور دلروان پریرا میں سے کسی ایک کو میدان میں اتارے گا، پریرا کو پاکستان سے شارجہ ٹیسٹ میں ڈراپ کردیا گیا تھا مگر بنگلہ دیش کی ایکسٹرا پیس کے سامنے کمزوری کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔کپتان میتھیوز کا کہنا ہے کہ ہم نے گذشتہ مرتبہ بنگلہ دیش سے سیریز جیتی تھی مگر وہ اب کل کی بات اور ہم میزبان سائیڈ کو کسی صورت آسان شکار نہیں سمجھ سکتے کیونکہ یہ اپنے ہوم گرائونڈز پر کافی سخت ثابت ہوتی ہے۔