رانگ سائیڈ گاڑی چلانے والی خاتون ٹریفک پولیس پرہی برس پڑیں

سیکشن آفیسر امیر منہاس موقع پر پہنچے تو ان کے ساتھ بھی تضحیک آمیز رویہ اختیارکیا


ویب ڈیسک August 12, 2021
ٹریفک پولیس حکام نے گاڑی لفٹر کے ذریعے اٹھالی: فوٹو: فائل

چوری اورپھرسینہ زوری کے مصداق تبت سینٹرپررانگ سائیڈ گاڑی چلانے والی خاتون ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ہی برس پڑیں۔

کراچی میں تبت سینٹرپرپریڈی کے سیکشن آفیسرانسپکٹرامیر منہاس نے بتایا کہ وہ اپنے معمول کے مطابق صدرکے علاقے میں فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ اسی دوران انہیں تبت سینٹر پرشہری کی بدتمیزی کی اطلاع ملی، جب وہ وہاں پہنچے توایک کارسوارخاتون ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تضحیک آمیز رویے کا نشانہ بنارہی تھی، انہوں نے جب معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ خاتون تبت سینٹر سے ریگل کی جانب رانگ سائیڈ آرہی تھیں اورروکنے پراپنی غلطی ماننے کے بجائے برہم ہوگئیں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی شروع کردی۔

امیرمنہاس نے مزید بتایا کہ جب وہ وہاں پہنچے تو خاتون کے ساتھ بیٹھے مرد نے انھیں بھی مغلظات بکنا شروع کردیں جس پرفوری کارروائی کرتے ہوئے لفٹرکے ذریعے ان کی گاڑی اٹھالی اور انھیں پریڈی تھانے منتقل کردیا گیا، موقع پر موجود شہری بھی تمام تر واقعہ نہ صرف دیکھتے رہے بلکہ کئی شہریوں نے موبائل فون سے ویڈیو بھی بنائیں اور وائرل کردیں۔

ویڈیو میں شہری ٹریفک پولیس کے اہلکاروں اور امیر منہاس کے رویے کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں اور خاتون کی غلطی بتارہے ہیں۔ سیکشن آفیسر کا کہنا تھا کہ تھانے لے جاکر ٹریفک پولیس کی جانب سے خاتون کا چالان کردیا گیا ، بعدازاں خاتون نے تھانے میں اپنے رویے پرمعافی مانگی اورتحریری معافی نامہ بھی جمع کرایا جس کے بعد ان کے خلاف مزید کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔