راولپنڈی کے مدرسے میں 3 طالب علم مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں مدرسے کے معلم کے بیٹے 6 سالہ جنید سمیت 13 سالہ عباد اور 12 سالہ اسلام شامل ہیں، پولیس


ویب ڈیسک August 14, 2021
بچوں نے رات کو استاد سے پیٹ میں درد کی شکایت بھی کی تھی، پولیس۔ فوٹو:فائل

چونترہ کے علاقے سروبہ میں قائم مدرسے میں 3 کم عمر طالبعلم مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی تھانہ چونترہ کے علاقے سروبہ میں قائم مدرسے میں 3 کم عمر طالب علم مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے 3 بچوں میں 6 سالہ جنید، 13 سالہ عباد اور 12 سالہ اسلام شامل ہیں، جب کہ 6 سالہ جنید کا والد مدرسہ میں معلم بھی ہے۔

تھانہ چونترہ پولیس کے مطابق بچوں کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا، جب کہ دیگر بچوں اور مدرسے کے معلمین سے تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ بچوں نے رات کو استاد سے پیٹ میں درد کی شکایت بھی کی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد بچوں کی ہلاکت کی اصل وجہ سامنے آئے گی، واقع کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔

مدرسے کے معلم اور جاں بحق بچے جنید کے والد حافظ غلام مرتضی نے بیان دیا ہے کہ سروبہ مدرسہ میں 35 کے قریب بچے قرآن مجید حفظ کررہے ہیں، رات کھانا کھانے کے بعد بچے سونے کیلئے لیٹ گئے تھے، دو بچے مدرسے میں مردہ پائے گئے جب کہ تیسرے بچے کی طبعیت خرابی پر اسے اسپتال پہنچایا گیا، تاہم اسپتال میں طبی امداد کے دوران بچہ جانبر نہ ہوسکا، مرنے سے قبل بچے نے سانپ دیکھنے کا ذکر کیا تھا۔