ٹرمپ کی طرح میرا اکاؤنٹ بھی بند کرکے دکھاؤ سربیائی صدر کی ٹوئٹر کو دھمکی

ٹوئٹر نے سربیا کے میڈیا اداروں کے کاؤنٹس پر ’’حکومت کے حامی‘‘ لکھ دیا تھا


ویب ڈیسک August 18, 2021
ٹوئٹر نے صدر کے حامی اکاؤنٹس پر چیک لگایا دیا ہے، فوٹو: فائل

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووُچچ نے کہا ہے کہ ٹوئٹر امریکی صدر ٹرمپ کی طرح میرا اکاؤنٹ بھی بند کرنے کی جسارت کر کے دکھائے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے متعدد میڈیا اداروں پر آمرانہ طرز حکومت کے حامل سربیائی صدر الیگزینڈر وؤچ کے تسلط کو دیکھتے ہوئے ان اداروں کے اکاؤنٹس پر state affiliated یعنی ''حکومت کے حامی'' لکھنا شروع کردیا ہے۔

ٹوئٹر کے اس اقدام پر سربیا کے صدر بھڑک اُٹھے اور ٹوئٹر کو دھمکی دی ہے کہ میرا اکاؤنٹ بھی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح بند کرنے کی ہمت دکھائیں تو میں جانوں تاہم ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے سربیا کے صدر کے اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ ایسے تمام میڈیا ادارے جن کے نشریاتی مواد پر حکومت وقت اثرانداز ہوتی ہے یا انھیں کنٹرول کرتی ہے تو ٹوئٹر ایسے میڈیا اداروں کے اکاؤنٹس پر "اسٹیٹ ایفیلیٹ" کی تختی لگا دیتا ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں امریکی کانگریس پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی مشتعل افراد نے حملہ کردیا تھا۔ یہ حملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج میں اپنی شکست تسلیم نہ کرنے اور اشتعال انگیز تقریر کے بعد کیا گیا تھا۔

کانگریس پر حملے اور اشتعال انگیز بیانات پر سماجی رابطے کی تمام ہی ویب سائٹس نے سابق صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹس معطل کر دیئے تھے۔