زمبابوے نے خود کو بڑوں کی لڑائی میں الجھنے سے بچالیا

1 ٹیسٹ کی جنوبی افریقی پیشکش مسترد، آئی سی سی سے 3 ملین ڈالر کے قرض کی توقع


Sports Desk January 28, 2014
زمبابوے کے اس فیصلے کے پیچھے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بورڈ نے مالی مسائل سے نمٹنے کیلیے آئی سی سی سے 3 ملین ڈالر امداد کی درخواست کررکھی تھی ۔ فوٹو: فائل

زمبابوے نے بڑوں کی لڑائی میں خود کو الجھنے سے بچالیا، بورڈ نے جنوبی افریقہ کی ایک ٹیسٹ کی پیشکش کو ٹھکرادیا، اسے آئی سی سی سے فوری طور پر 3 ملین ڈالر کا قرض ملنے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے گذشتہ دنوں زمبابوے کو آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز سے قبل ایک ٹیسٹ میچ کی پیشکش کی تھی جس کے تمام تر اخراجات وہ خود اٹھانے پر تیار تھا، مگر زمبابوین بورڈ نے جنوبی افریقہ کے بھارت سے کشیدہ تعلقات اور آئی سی سی میں پکنے والی کھچڑی کے پیش نظر اس آفرکو قبول کرکے خود کو جھگڑے میں الجھانے سے بچانے سے بچالیا، اس نے پلیئرز کی ہڑتال اور مالی بحران کو وجہ قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا،بورڈکے ترجمان لوومور بانڈاکا کہنا ہے کہ ہم فی الحال یہ آفر قبول نہیں کرسکتے تاہم اگست میں جنوبی افریقہ کے خلاف 2ٹیسٹ اور محدود اوورز کے میچز کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

 photo 2_zps46528bd4.jpg

زمبابوے کے اس فیصلے کے پیچھے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بورڈ نے مالی مسائل سے نمٹنے کیلیے آئی سی سی سے 3 ملین ڈالر امداد کی درخواست کررکھی تھی جسے اکائونٹس کے آڈٹ سے مشروط کیا گیا تھا، یہ آڈٹ گذشتہ ہفتے ہوچکا اور زمبابوے کو امید ہے کہ دبئی میں منگل سے شروع ہونے والی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں ان کی درخواست قبول ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب اسپانسر ادارے سے بھی بات چیت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی،چپس بنانے والی مشہور کمپنی نے زمبابوے کرکٹ کو اسپانسر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، البتہ اس کی رقم اتنی بڑی نہیں ہوگی جس سے تمام پلیئرز کے معاوضے ادا کیے جاسکیں،زیڈ سی کھلاڑیوں کو کچھ ادائیگی کرکے ان کی ہڑتال ختم کرنا چاہتا ہے،بورڈ آئی سی سی سے ملنے والی امداد سے ڈومیسٹک کرکٹ کو پھر سے شروع کرنے کا بھی خواہاں ہے۔