’’کھانے کے خوف‘‘ میں مبتلا بچہ جو صرف دہی اور ڈبل روٹی کھا سکتا ہے

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اگست 2021
ایشٹن فشر پچھلے دس سال سے صرف دہی اور ڈبل روٹی کھا کر گزارا کررہا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ایشٹن فشر پچھلے دس سال سے صرف دہی اور ڈبل روٹی کھا کر گزارا کررہا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لندن: بارہ سالہ برطانوی بچہ ایشٹن فشر ایک بہت ہی نایاب اور عجیب و غریب بیماری کا شکار ہے جس کے باعث وہ کھانے سے خوفزدہ رہتا ہے اور صرف پھلوں کے اجزاء والی دہی اور ایک خاص برانڈ کی سفید ڈبل روٹی ہی کھاتا ہے۔

ایشٹن کی یہ کیفیت پچھلے دس سال سے جوں کی توں برقرار ہے جس نے نہ صرف اس کے والدین اور اساتذہ کو، بلکہ دوستوں کو بھی پریشان کیا ہوا ہے۔

شروع شروع میں ایشٹن کے والدین سمجھے کہ وہ بھی دوسرے بچوں کی طرح کھانے میں ’نخرے‘ دکھا رہا ہے لیکن تمام کوششوں کے باوجود ایشٹن کی حالت بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوتی گئی۔

وہ علاج کےلیے ایشٹن کو ہمیشہ عام ڈاکٹروں کے پاس لے جاتے رہے جو یہ مسئلہ سمجھ ہی نہیں سکے اور یہ مسئلہ جوں کا توں جاری رہا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نوبت یہاں تک آپہنچی کہ ایشٹن کو کھانا پکنے کی خوشبو سے بھی خوف آنے لگا لہذا اس نے گھر والوں کے ساتھ کھانا پینا بھی چھوڑ دیا اور سب سے الگ تھلگ اپنے لیے لائی گئی مخصوص ڈبل روٹی اور دہی کھا کر گزارا کرنے لگا۔

اسکول میں داخل ہونے کے بعد بھی اس کا یہی معمول برقرار رہا اور اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ کبھی کچھ نہیں کھایا۔ نتیجتاً وہ اسکول میں کچھ خاص دوست بھی نہیں بنا سکا۔

ایشٹن کی بیماری کا انکشاف گزشتہ ماہ اتفاقاً اس وقت ہوا جب غذائی مسائل کے خصوصی ماہر نے پہلی بار اس کا معائنہ کیا۔

وہ تھوڑی ہی دیر میں سمجھ گئے کہ یہ بچہ ایک ایسی نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے جس کا شکار فرد چند مخصوص چیزوں کے سوا کچھ بھی کھانے سے ڈر جاتا ہے۔ یہ نفسیاتی مسئلہ ’’غذا کا خوف‘‘ (فوڈ فوبیا) ہی کی ایک قسم ہے۔

مسئلے کا علم ہوتے ہی مختلف تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایشٹن فشر کا علاج شروع کردیا گیا جس کے بعد سے اس کی طبیعت بتدریج بہتر ہورہی ہے اور اب وہ آہستہ آہستہ سینڈوچز، چپس، روسٹ اور چکن وغیرہ بھی کم مقدار میں کھانے لگا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔