فواد عالم نے سنچری اپنے والدین کے نام کردی

اسپورٹس رپورٹر  پير 23 اگست 2021
5 مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، فواد عالم  فوٹو: فائل

5 مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، فواد عالم فوٹو: فائل

کنگسٹن: قومی ٹیسٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے سنچری اپنے والدین کے نام کردی۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اخختام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ میچ سے پہلے والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی انہوں نے کہا تھا کہ اس میچ میں تم سنچری بناؤ گے اور جب ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے، والد کی بھی خواہش تھی کہ ویسٹ انڈیز میں سنچری اسکور کروں، زندگی میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے مگر میرے والد نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا، خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، والد ہمیشہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے، آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔

فواد عالم نے کہا کہ اللہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے، پانچ مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، سنچری پر جشن منانے کا انداز ترکش ڈرامہ ارتغل غازی سے متاثر ہوکر اپنایا ہے، یہ اسٹائل اظہر علی کے ساتھ طے کیا تھا، ہم دونوں نے سنچری بنانے پر یہ اسٹائل اپنانے کا فیصلہ کررکھا ہے نہ تو وکٹ آسان تھی اور نہ ہی موسم ٹھیک تھا، میچ کے پہلے روز گرمی اور حبس بہت زیادہ تھا۔

فواد عالم نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ویسٹ انڈیز کو جلد از جلد آؤٹ کرنا ہے، میزبان ٹیم کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کردیا تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔