حکومت پنجاب اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ کا میدان سجنے کو تیار

ویب ڈیسک  پير 23 اگست 2021
 ٹیپ بال میچ ستمبر کے وسط میں گورنر ہاؤس یا قذافی اسٹیڈیم میں کروایا جائے گا، فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو:فائل

ٹیپ بال میچ ستمبر کے وسط میں گورنر ہاؤس یا قذافی اسٹیڈیم میں کروایا جائے گا، فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو:فائل

لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں سیاسی محاذ کے  بعد اب کھیلوں کے مقابلے میں بھی دلچسپ پیش رفت سامنے آئی ہے، حکومت پنجاب اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ کا میدان سجنے کو تیار ہے،  اور پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن قیادت سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے، اس حوالے سے فیاض چوہان نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی اور مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ سے رابطہ کرکے انہیں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کی تجویز پیش کی۔

اس حوالے سے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ٹیپ بال میچ ستمبر کے وسط میں گورنر ہاؤس یا قذافی اسٹیڈیم میں کروایا جائے گا، اور حکومتی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جب کہ اپوزیشن کو بھی جلد اپنی ٹیم کو حتمی شکل دینے کی درخواست کی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق حکومتی ٹیم میں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیر حافظ ممتاز، سابق وزیر سمیع اللہ چویدری، صوبائی وزیر میاں اسلم، وزیر کھیل تیمور بھٹی، وزیر تعلیم مراد راس، ایم پی اے ندیم عباس بارا، صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی، ملک عمر فاروق، حنیف پتافی، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسر، سردار حسین بہادر دریشک اور راجہ یاسر ہمایوں شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔