ڈالر کی اونچی اڑان کا رجحان برقرار

حکومت نے ڈالر کو لگام نہ دی تو ملک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری


Staff Reporter September 01, 2021
حکومت نے ڈالر کو لگام نہ دی تو ملک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ۔ فوٹو : فائل

انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اڑان کا رجحان برقرار ہے۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی ڈالر کی اڑان جاری رہی جس ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 167روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 49پیسے کے اضافے سے 166.87روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 60پیسے کے اضافے سے 167.80روپے پر بند ہوئی۔

دوسری جانب صنعتی شعبے نے ڈالر کی اونچی اڑان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈالر کی قدر میں اضافے پر قابو پانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کریں تاکہ ملکی معیشت کو اس کے منفی اثرات اور ہوشربا مہنگائی سے بچا جاسکے۔

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان نے کہا ہے کہ گذشتہ 3سال کے دوران ڈالر کی قدر 110روپے سے بڑھ کر 167روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے جس سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہر آنے والے دن کے اضافہ ہورہاہے۔

انہوں نے ڈالر کی قدر میں اضافے کو اِن ڈائریکٹ ٹیکس قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹیکسوں کی پہلے ہی بھرمار ہے اور اب ڈالر کی قدر میں آئے دن اضافہ عوام اور تاجروں کے لیے ایک نیا ٹیکس ثابت ہورہاہے کیونکہ مارکیٹ میں روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں ڈالر کی قدر بڑھتے ہی بڑھتی جارہی ہیں جس کا تمام تر بوجھ عوام پر پڑتا ہے، صرف ایک ماہ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 15فیصد اضافہ ہوا جو ایک خطرناک علامت ہے کیونکہ عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے لہٰذا جب عوام کی قوت خرید ہی نہیں ہوگی تو مارکیٹوں کی رونقیں ختم ہوجائیں گی اور کاروباری طبقہ کاروباری نہیں کرپائے گا اور افراط زر بھی بڑھے گا۔

انہوں نے وفاقی حکومت اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقرسے درخواست کی ہے کہ وہ ڈالر کی قدر میں اضافے کو روکنے کے اقدامات بروئے کار لائیں اور اپنے اخراجات کا جائزہ لیکر ایسی متوان پالیسی وضع کریں کہ ڈالر کی قدر قابو میں رہے، اگر حکومت نے ڈالر کو لگام نہ دی تو ملک میں مہنگائی کانہ تھمنے والا طوفان امڈ آئے گا اور معیشت پر بھی اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

مقبول خبریں