شہر قائد میں مزید تیز بارشوں کا امکان ختم ہوگیا

اگلے دو روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود جبکہ ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کی توقع ہے


ویب ڈیسک September 04, 2021
اگلے دو روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود جبکہ ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کی توقع ہے (فوٹو: فائل)

کراچی میں آج بھی تیز بارش ہوئی تاہم بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑنے کے بعد مزید تیز بارشوں کا امکان ختم ہوگیا، اگلے دو روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود جبکہ ہلکی بارش اور پھوارپڑنے کی توقع ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کو بحیرہ عرب سے بھی کافی تقویت ملی جس کے نتیجے میں شہر میں دوسرے روز بھی تیز اور درمیانی بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ دو روز کے دوران ہوا کے کم دباؤ کے سبب مون سون بارشوں کی شکل میں ہفتے کو شہر میں بارش کا باعث بنا۔


ہفتے کو شہر کے مضافاتی علاقوں گلشن حدید، اسٹیل ٹاون، بن قاسم، پیپری میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوئیں، باقی ماندہ شہر میں درمیانی اور ہلکی جبکہ کئی علاقوں میں آندھی نما کالی گھٹائیں چھائی رہیں۔


دو روز کے دوران سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 133 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، سعدی ٹاون میں 86.8 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 71.2، نارتھ کراچی 59.6، سرجانی ٹاؤن 50، پی اے ایف بیس فیصل 76، اولڈ ائرپورٹ 63، جناح ٹرمینل 69.4، پی اے ایف بیس مسرور 37.5، کیماڑی 16.7، ناظم آباد 33.3، اورنگی ٹاؤن 35.8 جبکہ قائد آباد 63.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔


چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق شہر میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم کافی حد تک کمزور پڑگیا جس کے بعد اب گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ختم ہوگیا تاہم مون سون سلسلے کے اثرات کے نتیجے میں آئندہ دو روز کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان برقراررہے گا۔


سردارسرفراز کے مطابق اتوار سے سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہوجائیں گی اور دن کے وقت حدت میں کافی حد تک کمی واقع ہوگی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ 8 ستمبر سے مون سون کا ایک نیا سلسلہ سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کی کراچی اور دیہی سندھ پر اثرات کے حوالے سے پیش گوئی جاری کی جائےگی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران شہر کا موسم معتدل رہنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔


دریں اثنا ہفتے کو بھی بارش ہونے سے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا اور گرمی کی شدت کم ہونے سے موسم خوش گوار ہوگیا۔ نکاسی آب کا بہتر انتظام نہ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر اُبل پڑے۔


سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا جس کے نتیجے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی بھی چلی گئی۔