ورلڈ ٹوئنٹی 20 پر چھائے خدشات کے سیاہ بادل چھٹنے لگے

آئی سی سی بورڈ کا سیکیورٹی رپورٹ پراظہار اطمینان ،بنگلہ دیش کوحمایت کا انعام


Sports Desk January 30, 2014
نئی انٹرنیشنل ویمنز چیمپئن شپ کرانے کی منظوری، پاکستان بھی شریک ہو گا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بنگلہ دیش کی جانب سے ''بگ تھری''کو حمایت کا یقین دلاتے ہی آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 پر چھائے خدشات کے سیاہ بادل چھٹنے لگے، گذشتہ روز دبئی میںکونسل کے بورڈ نے سیکیورٹی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔

دوسری جانب نئی انٹرنیشنل ویمنز چیمپئن شپ کرانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ 16مارچ سے 6 اپریل تک بنگلہ دیش میں شیڈول ہے، وہاں عام انتخابات کے بعد عوامی احتجاج کی وجہ سے حالات کافی خراب تھے،اسی وجہ سے ویسٹ انڈین انڈر19ٹیم کو بھی دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس آنا پڑا، آئی سی سی نے گذشتہ دنوں ڈھاکا میں ایک سیکیورٹی اجلاس طلب کیا تھا جس میں وہاں کے حالات کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی رائے جانی گئی، اب اس کی رپورٹ کا گذشتہ روز دبئی میں بورڈ میٹنگ کے دوران جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق حالات میں مثبت تبدیلی آئی ہے، یوں ایونٹ کے بنگلہ دیش میں ہی انعقاد کا امکان روشن ہو گیا۔

 photo 4_zps802d08e6.jpg

دوسری جانب آئی سی سی بورڈ نے نئی انٹرنیشنل ویمنز چیمپئن شپ کرانے کی منظوری دے دی، باہمی مقابلوں میں ٹاپ 8 رینک ٹیمیں حصہ لیں گی، اس سے اگلے ورلڈ کپ کی کوالیفائنگ سائیڈز کا بھی فیصلہ ہو گا، ایونٹ میں پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور بھارت شریک ہوں گے، ہر ٹیم2014 کے وسط سے2016کے اختتام تک دیگر سے کئی میچز کی سیریز کھیلے گی، ٹاپ 6سائیڈز خود بخود2017میں انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں جگہ بنا لیں گی۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر ترقی اور تنزلی کا فیصلہ ہو گا، نچلے نمبرز پر رہنے والی سائیڈز آئی سی سی ریجنل کوالیفکیشن سے آنے والی ٹیموں کو جوائن کریں گی، ان کے درمیان کوالیفائر سے میگا ایونٹ کی حتمی سائیڈز کا فیصلہ ہوگا۔