سری لنکا نے بنگلہ دیشی بولنگ کو نشان عبرت بنا دیا

730پر اننگز ڈیکلیئرڈ، مہیلا جے وردنے کے203 رنز،ویتھانگے کی پہلی سنچری


AFP/Sports Desk January 30, 2014
پہلا ٹیسٹ: سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے کا ریورس سوئپ ، انھوں نے ڈبل سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے بنگلہ دیشی بولنگ کو نشان عبرت بنا دیا، ٹیم نے پہلی اننگز 6وکٹ 730رنز پرڈیکلیئرڈ کی۔

مہیلا جے وردنے ڈبل سنچری اور کیتھروان ویتھانگے سنچری بنانے میں کامیاب رہے،498 رنز کے خسارے کا شکار ہونے والی میزبان ٹیم نے تیسرے دن 35 پر ایک وکٹ گنوا دی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز اور جے وردنے کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت 179 پر تمام ہوئی، میتھیوز چائے کے وقفے سے قبل میدان بدر ہوئے، انھوں نے 86رنز بنائے،انھوں نے اسپنر سوہاگ غازی کی گیند پر مارشل ایوب کو کیچ تھمایا، یہ دن بھر میں بنگلہ دیش کو ملنے والی واحد کامیابی ثابت ہوئی، کپتان کے بعد 22 سالہ کیتھرووان ویتھانگے نے بھی میزبان بولرز کی خوب خبر لی۔

انھوں نے مہیلا جے وردنے کے ہمراہ ساتویں وکٹ کیلیے 176کی ناقابل شکست شراکت بنائی، مہیلا کیخلاف 119 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کی پُرزور اپیل امپائرز کو متاثر نہیں کرپائی، اس وقت انھوں نے سوہاگ کی گیند پر ریورس سوئپ کی کوشش کی تھی، اگرچہ ٹی وی ری پلے بولرکے حق میں فیصلہ دے رہے تھے لیکن اس سیریز میں ریفرل سسٹم استعمال نہیں ہورہا،مہمان سائیڈ نے 6 وکٹ 730 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا،جے وردنے 203 اور ویتھانگے 103رنزپر ناٹ آئوٹ رہے ، 498 کا خسارہ پانے والی میزبان سائیڈ نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ پر 35رنز بنائے۔