عمران طاہر کا جادو ماند پڑگیا پروٹیز اسکواڈ سے چھٹی
پاکستان سے سیریز کے ہیرو بھارت کیخلاف مکمل ناکام رہے،میکلیرین اور پارنیل منتخب
HYDERABAD:
عمران طاہر کا جادو ماند پڑگیا،اسپنر کی آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کیلیے پروٹیز اسکواڈ سے چھٹی کردی گئی۔
پاکستان سے سیریز کے ہیرو بھارت کیخلاف مکمل ناکام رہے جس نے انھیں سلیکٹرز کی نظروں سے اوجھل کر دیا،15رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں موجود واحد اسپنر لیفٹ آرم بولر روبن پیٹرسن ہیں، ریٹائرڈ کیلس کی جگہ سنبھالنے کیلیے آل رائونڈرز میکلیرین اور وین پارنیل کا انتخاب کر لیاگیا، دونوںچار برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس آئے ہیں، انھوں نے جنوری 2010 میں انگلینڈ کیخلاف جوہانسبرگ میں ڈیبیو کیا تھا، پارنیل کو اسی برس دورئہ بھارت میں مزید 2 ٹیسٹ بھی کھیلنے کا موقع مل چکا ہے۔
میکلیرین اب تک ایک 5روزہ میچ ہی کھیل پائے ہیں، کپتان گریم اسمتھ اور فاسٹ بولر مورن مورکل ٹخنے کی انجریز سے نجات حاصل کرچکے، بائیں ہاتھ کی سرجری کرانے والے ابراہم ڈی ویلیئرز بھی تیزی سے روبصحت ہیں،کوچ روسیل ڈومینگو نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ فاف ڈوپلیسی نمبر4 پر کیلس کی جگہ بیٹنگ کرینگے، اس سے قبل وہ ساتویں پوزیشن پر کھیلتے رہے ہیں، ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں،گریم اسمتھ ( کپتان )، ہاشم آملا،ابراہم ڈی ویلیئرز، پال ڈومینی، فاف ڈوپلیسی، ڈین ایلجر، رورے کلینویلڈ، ریان میکلیرین، مورن مورکل، وین پارنیل، الویرو پیٹرسن، روبن پیٹرسن، ورنون فیلنڈر، ڈیل اسٹین اور تھامی سولیکی۔