روسی وزیر تربیتی مشق کے دوران ڈوبتے شخص کو بچاتے ہوئے ہلاک

کیمرہ مین کو ڈوبنے سے بچانے کیلیے وزیر نے پانی میں چھلانگ لگادی اور پتھر سے ٹکرا کر ہلاک ہوگئے


ویب ڈیسک September 08, 2021
ہنگامی حالات کے وزیر ڈوبتے شخص کو بچانے کی کوشش کے لیے پانی میں کود گئے، فوٹو: فائل

روس کے وزیر یوگنی زینی شیف ایک تربیتی مشق کے دوران کیمرہ مین کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر برائے ہنگامی صورت حال یوگنی زینی شیف نورلسک میں ایک تربیتی مشق کی نگرانی کر رہے تھے اس دوران ایک کیمرہ مین پھسل کر پانی میں گرگیا جسے بچانے کی کوشش کے دوران روسی وزیر ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

وزارتِ ایمرجنسیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 55 سالہ زینی شیف نے بڑے پیمانے پر مشقوں کی نگرانی کے لیے نورلسک میں نئے فائر اسٹیشن کے تعمیراتی مقام کے علاوہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کا دورہ کیا تھا۔

اس دوران ایک کیمرہ مین پھسل کر پانی میں گرگیا جسے بچانے کے لیے وزیر نے بھی پانی میں چھلانگ لگادی اور زیر آب ایک پتھر سے ٹکر کر ہلاک ہوگئے۔

روسی وزیر زینی شیف نے 2018 میں ہنگامی حالات کی وزارت سنبھالی تھی۔