یو اے ای اور اسکاٹ لینڈ کو شرکت کا پروانہ مل گیا

ورلڈکپ کی تمام 14 ٹیمیں مکمل،کل فائنل کے بعد گروپس حتمی شکل اختیار کریں گے، ہانگ کانگ کا خواب ادھورا


AFP/Sports Desk January 31, 2014
کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں جگہ بنانے پر یو اے ای اور اسکاٹ لینڈ کے کرکٹرز کا جشن، دونوں ٹیمیں کل کوالیفائرز کے فیصلہ کن معرکے میں بھی مدمقابل ہوں گی، اسی کے ذریعے حتمی پولز کا تعین ہوگا۔ فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات اور اسکاٹ لینڈ کو کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں شرکت کا پروانہ مل گیا، دونوں ٹیموں نے نیوزی لینڈ میں جاری کوالیفائر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرکے یہ اعزاز پایا۔

اس طرح 14 فروری سے15 مارچ تک آسٹریلیا اور کیویز کے دیس میں شیڈول میگا ایونٹ کی تمام14 ٹیمیں مکمل ہوگئیں۔ اسکاٹش سائیڈ تیسری بار ورلڈکپ کھیلے گئی، اس سے قبل 1999 اور 2007 میں یہ اعزاز پایا تھا، خلیجی سائیڈ نے 1996 کے بعد اب دنیا ئے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں رسائی پائی۔ پُرعزم ہانگ کانگ کی ٹیم سخت جدوجہد کے باوجود ڈیبیو کا موقع گنوا بیٹھی۔ہفتے کو کوالیفائنگ فائنل کی فاتح سائیڈ میگا ایونٹ میں گروپ اے اور رنرز اپ گروپ بی کو جوائن کرے گی۔ جمعرات کو آخری سپر سکسز رائونڈ مقابلوں میں اسکاٹ لینڈ کی کینیا کیخلاف 3 وکٹ سے کامیابی روب ٹیلر کے اختتامی لمحات میں لاٹھی چارج نے ممکن بنائی، کرائسٹ چرچ میں فاتح سائیڈ نے 261 رنز کا ہدف صرف 3 گیندوں قبل بمشکل حاصل کیا۔

 photo 4_zpsb80b17dc.jpg

46 اوورز میں226 پر7 وکٹیں گنوانے کے بعد یورپی سائیڈ کا خواب دھندلا گیا تھا، مگر روب ٹیلر نے37 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 46 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی عوام کو بڑی خوشخبری فراہم کردی۔ لینکولین میں ہانگ کانگ کی سائیڈ پاپوا نیو گینی کو 3 وکٹ سے زیر کرنے کے باوجود ورلڈ کپ ڈیبیو سے محروم رہ گئی، ٹیم نے256 رنز کا ہدف36.1 اوورز میں7 وکٹ پر حاصل کیا،اسے اسکاٹش ٹیم کی ناکامی کی صورت میں ورلڈکپ کھیلنے کا اعزاز مل جاتا مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا، فاتح سائیڈ کی جانب سے ان فارم اوپنر عرفان احمد نے 90 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، مارک چیپمین 64 رنزکے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے، پاپوا نیو گینی کے گرینٹ جونز کے82 رنز رائیگاں گئے۔

سپرسکس مرحلے کے آخری مقابلے میں یو اے ای کی ٹیم نمیبیا کو 36 رنز سے قابو کرنے میں کامیاب ہوئی، امجد علی (46)، کپتان خرم خان (49) اور شائمان انور (47) کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت فاتح سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 263 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، لوئس کلازینگا نے 5 وکٹیں لیں، ناکام ٹیم 9 وکٹیں گنوانے کے بعد 227 رنز تک ہی پہنچ سکی، کپتان ساریل برجر کی ففٹی کسی کام نہ آئی۔ ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ ہفتے کو لینکولین میں یواے ای اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کھیلا جائیگا، فاتح سائیڈ میگا ایونٹ کے گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ،سری لنکا، بنگلہ دیش،نیوزی لینڈ اور افغانستان کو جوائن کرلے گی، رنرز اپ سائیڈ گروپ بی میں پاکستان ، بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئر لینڈ کے ساتھ شامل ہوگی۔