ملک میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 16 ستمبر 2021
افغانستان میں پشتون تاجک اتحاد اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے پوری کوشش کریں گے، عمران خان

افغانستان میں پشتون تاجک اتحاد اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے پوری کوشش کریں گے، عمران خان

دوشنبے: وزیرِاعظم عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔ عمران خان نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں کی 67 کمپنیاں تاجکستان آئی ہیں، کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم دو روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے، تاجک صدر سے ملاقات

عمران خان نے کہا کہ تاجکستان میں سستی، صاف ستھری ہائیڈرالک بجلی سستی ہے لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے، امید کرتے ہیں کہ کاسا 1000 توانائی منصوبے سے ہمیں بھی تاجکستان کی بجلی سے فائدہ پہنچے گا، پاکستان تاجکستان بزنس فورم میں تجارت کوفروغ دینے سے متعلق بات ہوگی، دو طرفہ تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

https://twitter.com/i/broadcasts/1LyGBdXOVNWxN

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں کئی سال کے تنازع کے بعد امن قائم ہوگا، پاک تاجک تجارت کے لیے افغانستان میں امن قیام ضروری ہے، تاکہ نقل و حمل بہتر ہوسکے، تاجک صدر اور میں مل جل کر افغان امن کےلیے ہر ممکن کوشش کریں گے ، خصوصا دو بڑی برادریوں پشتون اور تاجک کو قریب لانے اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے پوری کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔