سوڈان میں فوجی بغاوت کی کوشش ناکام، باغی افسران گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 21 ستمبر 2021
فوجی بغاوت کے سربراہ افسر کو حراست میں لے لیا گیا، فوٹو: فائل

فوجی بغاوت کے سربراہ افسر کو حراست میں لے لیا گیا، فوٹو: فائل

خرطوم: سوڈان میں آرمڈ کور کے چند افسران نے حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی جب کہ بغاوت کی قیادت کرنے والے جنرل کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق سیاسی و حکومتی بحران کے شکار ملک سوڈان میں فوج کے 20 اعلیٰ افسران نے آرمڈ کور کا کنٹرول حاصل کرلیا اور حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی تاہم سرکاری ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر قبضے کے لیے جانے والے افسران کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سوڈانی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغاوت کی قیادت کرنے والے جنرل عبدالباقی کو چند ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا اور حالات قابومیں ہیں تاہم آرمڈ کور کے دستوں سے باغی افسران اور اہلکاروں کا قبضہ چھڑوانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یہ خبر پڑھیں : سوڈان میں فوج نے 30 سال سے برسراقتدار صدر عمر البشیر کا تختہ الٹ دیا 

سوڈان کی فوج نے موبائل سروس اور دارالحکومت خرطوم کا زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع کردیا ہے۔ سرکاری ٹی وی سے ناکام بغاوت کی خبر نشر کی گئی ہے اور اس حوالے سے فوج کی جانب سے جلد تفصیلی بیان جاری کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مسلسل 30 برس تک سوڈان پر حکمرانی کرنے والے عمر البشیر کی 2019 میں معزولی اور گرفتاری کے بعد سے تاحال مستحکم سیاسی حکومت قائم نہیں ہوسکی ہے اور اس وقت عبداللہ حمدوک اشتراک اقتدار کے معاہدے کے تحت نگراں وزیر اعظم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔