اہم تنصیبات پر تعینات گارڈز کی بڑی تعداد غیر تربیت یافتہ نکلی

رینجرزاور پولیس نے چیکنگ کے ابتدائی مرحلے میںاہم تنصیبات اورگھروں پرتعینات سیکیورٹی گارڈزکاریکارڈچیک کیا۔


Staff Reporter September 26, 2021
کرائم رپورٹنگ انڈکس سسٹم کے تحت ویری فکیشن کے دوران159سیکیورٹی گارڈزکااسلحہ غیرلائسنس یافتہ نکلا۔ فوٹو : فائل

رینجرز اور پولیس نے غیر قانونی سیکیورٹی گارڈزکے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

شہرمیں اہم تنصیبات اورگھروں پر تعینات سیکیورٹی گارڈزکاریکارڈچیک کیاگیا،چیکنگ کے ابتدائی مرحلے میں سیکیورٹی گارڈزکی بڑی تعدادغیر تربیت یافتہ گارڈ پر مشتمل نکلی جس پر سیکیورٹی کمپنیز کو ہدایات جاری کی گئیں۔

دوسرے مرحلے میں کراچی کے4اضلاع میں مجموعی طور پر 4661 سیکیورٹی گارڈزکا ریکارڈ چیک کیا گیا، مشتبہ سیکیورٹی گارڈزکی کرائم رپورٹنگ انڈکس سسٹم کے تحت ویری فکیشن کی گئی دوران اسلحہ ویری فکیشن 337گارڈز کااسلحہ غیر تصدیق شدہ 159گارڈز کا اسلحہ غیر لائسنس یافتہ نکلا۔

سیکیورٹی کمپنیوں سے غیرلائسنس یافتہ اسلحے کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے، رینجرز اور پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام کے لیے کراچی کے مختلف علاقوں میں مشترکہ اسنیپ چیکنگ کا آغازبھی کردیاگیاہے۔

اسنیپ چیکنگ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،اسنیپ چیکنگ میں ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر 17408گاڑیوں کو چیک کیاگیا۔

222 گاڑیوں پر غیر قانونی ایمر جنسی لائٹس،1363گاڑیوں پر فینسی لائیٹس سائرن اور 3003گاڑیوں پرلگے کالے شیشے ہٹوائے گئے جبکہ177 افراد کے خلاف بغیر اجازت کے گاڑی کے کیبن میں بیٹھ کر اسلحہ کی نمائش کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور 4643 گاڑیوں کے قوانین کی خلاف ورزی پر چالان بھی کیے گئے۔