سندھ اسمبلی، بانی پاکستان کے مجسمے کی بے حرمتی کی مذمت

اسٹاف رپورٹر  منگل 28 ستمبر 2021
سندھ اسلحہ ترمیمی بل2021 منظور، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ترمیمی بل اور صوبائی موٹر وہیکلز ترمیمی بل مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کو ارسال ۔ فوٹو : فائل

سندھ اسلحہ ترمیمی بل2021 منظور، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ترمیمی بل اور صوبائی موٹر وہیکلز ترمیمی بل مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کو ارسال ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ اسمبلی نے گوادر میں بانی پاکستان کے مجسمے کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر پیر کو آغا سراج درانی کی زیر صدارت تقریباً سوا گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا، ایوان کی کارروائی کے آغاز میں شہدائے کربلا کے لیے فاتحہ خوانی اور ملک کے دراز قد شخص نصیر سومرو کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی، ایوان نے گوادر میں بانی پاکستان کے مجسمے کی بے حرمتی کی مذمت کی۔

اجلاس میں محکمہ آبپاشی سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کی غیر موجودگی کے باعث ایک بھی سوال نہ ہوسکا اوروقفہ سوالات ایک منٹ میں ختم ہو گیا، 5 توجہ دلاؤ نوٹس بھی چند منٹ میں ختم ہو گئے۔

نند کمار نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں ضلع جامشورو کے علاقے سن کے قبرستان میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کو قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ اس واقعہ پر انسانیت شرما گئی ہے، سندھ حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے، وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے کو سنجیدہ لیا ہے۔

اجلاس میں سندھ اسلحہ ترمیمی بل 2021 منظور کر لیا۔ اجلاس میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ترمیمی بل اورصوبائی موٹر وہیکلز ترمیمی بل پیش کیا گیا اسپیکر نے دونوں بلوں کو مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کو بھیج دیاجس کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس برخاست کر دیا۔

قبل ازیں اجلاس کے دوران محمد حسین نے اپنی ایک تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی سندھ سیکریٹریٹ میں متعدد غیر سرکاری بل جمع کرائے گئے تھے مگر ابھی تک ان میں سے ایک بھی ایوان میں پیش نہیں کیا گیا جس سے بطور رکن ان کا استحقاق مجروح ہوا بعد ازاں اسپیکر نے محمد حسین کی تحریک استحقاق کو خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی فرحت سیمی کی ایل این جی اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق تحریک التوا بھی ایوان میں پیش کی گئی، جی ڈی اے کے نند کمار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، سندھ 70 فیصد گیس کی پیداوار ہے 44 فیصد سندھ کی ضرورت ہے، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے راشد خلجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صورتحال بہت خوفناک ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی ماضی میں وفاق میں حکومت میں رہی ہے اس وقت جب قیمتیں بڑھتی تھی تو کہتے تھے کہ انٹرنیشنل قیمتیں بڑھی ہیں۔

جی ڈی اے کے عارف مصطفی جتوئی کی تقریر کے دوران ان کی امداد پتافی کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی، عارف جتوئی نے کہا کہ امداد پتافی نے ہمارے لیے سلیکٹیڈ کا لفظ استعمال کیایہ الفاظ ایوان کی کارروائی سے حذف کیے جائیں، سلیکٹڈ کے لفظ پر ہنگامہ آرائی پر ایوان میں شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی ہوگئی،عارف جتوئی نے کہا کہ مجھے علم ہے کون کون سلیکٹڈ ہے، اس موقع پرمکیش چاولہ اور عارف جتوئی نے ایک دوسرے کو دھمکیاں بھی دیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے ارکان کو تنبیہ کی کہ وہ صرف ایجنڈا پر بات کریں انھوں نے عارف جتوئی کا مائیک بند کردیا، ڈپٹی اسپیکر نے مائیک پیپلز پارٹی کے ممتاز جھکرانی کو دے دیا جس پراپوزیشن ارکان اجلاس سے واک آوٹ کر گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔