افغانستان میں طالبان کی داعش کے خلاف کارروائی میں متعدد جنگجو ہلاک

فورسز نے کابل کے نواحی علاقے میں کارروائی کے دوران داعش کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کیا گیا، ترجمان طالبان


ویب ڈیسک October 05, 2021
فورسز نے کابل کے نواحی علاقے میں کارروائی کے دوران داعش کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کیا گیا، ترجمان طالبان

طالبان کی داعش کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں متعدد جنگجو ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغانستان میں داعش کی بڑھتی کارروائیوں کو روکنے کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے، گزشتہ روز ایک آپریشن کے دوران طالبان نے داعش کا ایک ٹھکانہ تباہ کردیا جب کہ کارروائی میں متعدد جنگجوؤں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان فورسز نے کابل کے نواحی علاقے خیر خانہ میں داعش کے ٹھکانے پر کارروائی کی تاہم آپریشن میں کتنے افراد مارے گئے اس حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران افغانستان میں طالبان پر متعدد حملے کیے گئے تھے جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے، طالبان نے ان حملوں کو داعش کی کارروائی قرار دیتے ہوئے تنظیم کے خلاف آپریشن کا اعلان کیا تھا۔