فیس بک انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی بندش کی اصل وجہ سامنے آگئی

فیس بک انتظامیہ نے سروس کی معطلی کی وجہ کنفیگریشن میں تبدیلی کو قرار دیا تھا


ویب ڈیسک October 06, 2021
گزشتہ روز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس کئی گھنٹے معطلی رہی تھی، فوٹو: فائل

فیس بک انتظامیہ نے انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت اپنی ایپلی کیشن کی 6 گھنٹے سے زائد بندش کی وجہ کنفیگریشن میں غلط تبدیلی کو قرار دیا تھا تاہم اب اس کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس 6 گھنٹے تک معطل رہی تھی جس کے باعث ساڑھے تین ارب صارفین متاثر ہوئے تھے اور کمپنی کے اسٹاکس 4.9 فیصد گرگئے تھے۔

فیس بک انتظامیہ نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا تھا کہ سروس کی معطلی کی وجہ کنفیگریشن میں تبدیلی کی وجہ سے ہوئی تھی تاہم کنفیگریشن کی تبدیلی کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : کیا فیس بُک کی بندش کے دوران 1.5 ارب صارفین کا ڈیٹا واقعی چوری ہوگیا؟

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ فیس بک کے کچھ ملازمین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سروس کی معطلی انٹرنیٹ ٹریفک کو سسٹم تک پہنچانے کی کوئی اندرونی غلطی ہے۔

فیس بک ملازمین نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اندرونی روابط کے آلات کی ناکامی اور نیٹ ورک سے متعلق دیگر خرابیوں نے تینوں ایپس کی سروس کی معطلی کے دورانیے میں اضافہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر، فیس بک کی ٹوئٹ

واضح رہے کہ سیکیورٹی ماہرین نے بھی امکان ظاہر کیا تھا کہ کمپنی میں کام کرنے والے کسی شخص سے نادانستہ طور پر کوئی غلطی ہوئی ہوگی تاہم فیس بک کا اصرار تھا کہ معطلی کی وجہ 'کنفیگریشن کی تبدیلی' ہے۔