الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے حکومت سے فنڈز مانگ لئے

بلدیاتی انتخابات کے لیے مختص فنڈز کا جلد اجراء کیا جائے، الیکشن کمیشن کا مراسلہ


ویب ڈیسک October 09, 2021
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیےوفاق سمیت چاروں صوبوں کو احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حکومت سے فنڈز مانگ لئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق سمیت چاروں صوبوں کو احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں خیبر پختونخوا میں مرحلہ وار انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز بھی مانگ لیے ہیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے لیے مختص فنڈز کا جلد اجراء کیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کا موقف سن کر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔