افریقی ملک مالی سے 2017 میں اغوا ہونے والی نن کو رہائی مل گئی

سسٹر گلوریا سیسلیا کی رہائی انٹیلی جنس اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، صدر مالی


ویب ڈیسک October 10, 2021
سسٹر گلوریا سیسلیا کو 2017 میں حراست میں لیا گیا تھا، فوٹو: فائل

مالی میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والی 56 سالہ نن گلوریا سیسلیا کو 4 سال بعد اغوا کاروں نے رہا کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی اور برکینا فاسو کی سرحد سے 7 فروری 2017 کو اغوا ہونے والی نن کو بالآخر رہا کردیا گیا۔ گلوریا سیسلیا ایک مشنری سے منسلک تھیں اور شورش زدہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف تھیں۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نن سسٹر گلوریا کی رہائی کئی انٹیلی جنس سروسز کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

مالی کے صدارتی محل کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں نن گلوریا سیسلیا کو رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی ہمت اور بہادری پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔



اس موقع پر سسٹر گلوریا نے کہا کہ میں مالی کے صدر اور تمام شہریوں کی شکر گزار ہوں جنھوں نے میری رہائی کے لیے کوششیں کیں اللہ انھیں برکت دے اور سلامت رکھے۔

سسٹر گلوریا سیسلیا کی ایک ساتھی نے اغوا کی روداد سناتے ہوئے بتایا اغوا کار دیگر دو نسبتاً کم عمر خاتوں راہبوں کو لے کر جارہے تھے تاہم سسٹر نے بچیوں کی جگہ خود کو اغوا کاروں کے سامنے پیش کیا تھا۔