کراچی کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان

موسم سرما کی ابتداء ماہ نومبر کے وسط سے متوقع ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter October 10, 2021
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے درجہ حرارت میں 13 اکتوبر کے بعد اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم 13 اکتوبر کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ ٹرانزیشن پیریڈ (مون سون اور موسم سرما کا درمیانی دورانیہ) ہے تاہم بعدازاں موسم دوبارہ متوازن ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اکتوبر میں شہر کا موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے جب کہ موسم سرما کی ابتداء ماہ نومبر کے وسط سے متوقع ہے جس کے دوران ابتداء میں صبح و رات کے اوقات میں خنکی اور بعدازاں موسم بتدریج سرد ہونے کا امکان ہے، اتوار کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،نمی کا تناسب 66 فیصدرہا۔