لاہور میں گاڑی پر فائرنگ سے وکیل کی خاتون اسسٹنٹ جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 12 اکتوبر 2021
خاتون کی شناخت عقیلہ سبحانی کے نام سے ہوئی

خاتون کی شناخت عقیلہ سبحانی کے نام سے ہوئی

 لاہور: جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں کار پر فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

واقعہ الرحیم ہومز کے قریب پیش آیا اور نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کی۔ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت عقیلہ سبحانی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے عقیلہ سبحانی کو زخمی کردیا، عقیلہ سبحانی کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

حملے کے وقت ایڈووکیٹ سجاد قریشی گاڑی چلا رہے تھے۔ جاں بحق خاتون عقیلہ سبحانی وکیل سجاد قریشی کی اسسٹنٹ تھیں۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ غلام محمد ڈوگر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔