ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ پاکستان سے میچ میں بھارت فیورٹ قرار

اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 اکتوبر 2021
 تجربہ کار شعیب ملک اور حفیظ کو بھی اپنا انتخاب منوانا ہوگا

تجربہ کار شعیب ملک اور حفیظ کو بھی اپنا انتخاب منوانا ہوگا

 لاہور: مدثر نذر نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان سے میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دیدیا۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے دبئی میں موجود پاکستان ٹیم کے سابق کوچ مدثر نذرسے جب بھارت کے خلاف میچ میں ان کی پلینگ الیون کا پوچھا گیا تو اس میں انہوں نے فخرزمان اور رضوان کو بطور اوپنر شامل کیا ہے، تیسرے نمبرپر بابراعظم، پھر محمد حفیظ اور شعیب ملک کو جگہ دی ہے جب کہ پاورہٹر کے طورپر مدثر نذر نے آصف علی کو حیدرعلی پر ترجیح دی ہے۔

مدثر نذر کا موقف ہے کہ حیدر علی نمبر تھری پر موزوں چوائس ہے لیکن آخری اوورز میں آصف علی کی موجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مندثابت ہوسکتی ہے، آصف علی ہر گیند کو باؤنڈری سے پار پہنچانے کی اہلیت رکھتاہے۔ نمبر سات پر شاداب خان، آٹھ پر عماد وسیم، اس کے بعد حسن علی پھرشاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ہوںے چاہیں۔

پی سی بی کے سابق ڈائریکٹراکیڈمیز اور گیمز ڈویلپمنمٹ مدثر نذرکے نزدیک روہت شرما ہمیشہ بائیں ہاتھ کے بولر کے سامنے پریشان دکھائی دیتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی نئی گیند کے ساتھ روہت اور کوہلی دونوں کو کافی تنگ کرسکتےہیں اور ان دونوں کو جلد آوٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ جس طرح کوہلی کو راشد خان نے مشکل میں ڈالاہے، اس طرح شاداب خان کو بھی کردار ادار کرنا پڑے گا۔

مدثر نذر نے کہا کہ مجموعی اعتبار سے دونوں ٹیموں کی بولنگ میں زیادہ فرق نہیں، ان کنڈیشز میں یقینی طورپر بھارت فیورٹ کے طورپر میدان میں اترے گی، پاکستان کی طرف سے بابراعظم، فخر ، رضوان کو زیادہ وکٹ پر قیام کرنا پڑے گا جب کہ تجربہ کار شعیب ملک اور حفیظ کو بھی اپنا انتخاب منوانا ہوگا، سب کی نظریں ان دونوں پر بھی ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔