بھارت کو ہرانے پر بونس پاکستانی کرکٹرز کا منتظر

نمائندہ خصوصی  ہفتہ 23 اکتوبر 2021
ورلڈکپ جیتنے پر میچ فیس کی تین سو فیصد انعامی رقم تمام پلیئرزکو دی جائے گی ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ورلڈکپ جیتنے پر میچ فیس کی تین سو فیصد انعامی رقم تمام پلیئرزکو دی جائے گی ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

 دبئی:  ورلڈکپ میں بھارت کو ہرانے پر بونس پاکستانی کرکٹرز کا منتظر ہوگا جب کہ ہر کھلاڑی کو میچ فیس کی مزید آدھی رقم دی جائے گی۔

ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کا پہلا میچ ہی روایتی حریف بھارت سے ہے،یوں تو اس میں فتح پر کھلاڑیوں کے ویسے ہی وارے نیارے ہو جاتے ہیں مگر ساتھ ہی سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت بھی انھیں بونس ملے گا۔

اس وقت کھلاڑیوں کو معاہدے کے تحت ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے 3 لاکھ 38 ہزار 250روپے ملتے ہیں،بھارت سے جیتنے پر اس کی آدھی اضافی رقم تقریبا ایک لاکھ 70 ہزار روپے کا اضافہ ہو جائے گا،یعنی صرف میچ فیس کی مد میں ہی 5 لاکھ سے زائد رقم ملے گی۔

رینکنگ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو شکست دینے پر بھی گرین شرٹس میچ فیس کا مزید آدھا حصہ بطور بونس حاصل کریں گے،ورلڈکپ کا فائنل جیتنے پر 300فیصد بونس کھلاڑیوں کو دیا جائے گا،یوں دیگر انعامات کے ساتھ وہ 10 لاکھ سے زائد رقم اضافی حاصل کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے 16لاکھ ڈالربطور انعام دیے جائیں گے۔

سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق انعامی رقم کھلاڑیوں میں یکساں تقسیم ہوتی ہے، اس میں سے ایک کھلاڑی کے شیئر کی مساوی رقم ٹیم مینجمنٹ کو دی جائے گی، پی سی بی کھلاڑیوں کے لیے عام طور پر الگ سے انعام کا بھی اعلان کرتا ہے،حکومت اور دیگر شخصیات سے بھی انعامات ملتے ہیں، اس لحاظ سے اگر ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی توکھلاڑی کروڑوں روپے کما سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔