بھارت کیخلاف تاریخی فتح، سابق کرکٹرز بھی خوشی سے جھوم اُٹھے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 26 اکتوبر 2021
اس جیت کے بعد میری فیورٹ ٹیم پاکستان ہے (شین وارن) فیورٹس کی پٹائی کرنا اس کو کہتے ہیں، مائیکل وان۔ فوٹو : فائل

اس جیت کے بعد میری فیورٹ ٹیم پاکستان ہے (شین وارن) فیورٹس کی پٹائی کرنا اس کو کہتے ہیں، مائیکل وان۔ فوٹو : فائل

 کراچی /  لاہور: بھارت کیخلاف فتح پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف فتح پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، انھوں نے دل کھول کر گرین شرٹس کی عمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔

ایک ویڈیو میں وسیم اکرم نے کہا کہ شکر ہے میں نے اپنی زندگی میں ورلڈکپ میں پاکستان کو روایتی حریف کے خلاف میچ جیتتے دیکھ لیا، دیکھا جائے تو مجموعی طور پر پاکستان کا ریکارڈ ابھی بھی بھارت سے بہتر ہے لیکن ورلڈکپ میں ہم ان سے بہتر نہیں تھے، اتوار کو میچ میں قومی کرکٹرز نے ساری کمی پوری کردی، مجھے لگتا ہے کہ یہ پاکستانی کرکٹ کو تبدیل کردینے والا میچ ہے، پاکستانی ٹیم کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہوا ہے، جیت سے اندازہ ہوگیا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں کتنی صلاحیت ہے، مطمئن رہیں اور اسی جذبے کے ساتھ کھیلیں، شاہین شاہ آفریدی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں۔

سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ بابر اعظم اسی طرح کھیلتے رہے تو سب ریکارڈ توڑ دینگے، پاکستان ٹیم ایک چیمپئن کی طرح کھیلی، یہی تسلسل آئندہ میچز میں بھی برقرار رکھنا ہوگا۔

یونس خان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے اچھی کپتانی کے بعد بیٹنگ سے بھی قیادت کا حق ادا کیا، محمد رضوان نے قابل بھروسہ بیٹسمین کے طور پر خود کو منوالیا ہے، شاہین شاہ آفریدی نے یادگار اسپیل کرایا۔

سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے کہا کہ گرین شرٹس نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، اس جیت کے بعد میری فیورٹ ٹیم پاکستان ہے، گرین شرٹس نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس دکھائی، بابر اعظم نے بطور بیٹسمین اپنی شہرت کو چار چاند لگا لیے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پی سی بی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’فیورٹس کی پٹائی کرنا اسے کہتے ہیں‘‘۔

سابق بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’تو دل ٹوٹا آخر کار، ہمارے پڑوسی اچھا کھیلے آج لیکن مجھے یقین ہے کہ بھارت کم بیک کرے گا۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔