رمیز راجا پی سی بی کے کفایتی چیئرمین؛ اخراجات کی رپورٹ سامنے آگئی

محمد یوسف انجم  جمعرات 28 اکتوبر 2021
احسان مانی کے تین سالہ دور میں 3 کروڑ 61 لاکھ،63 ہزار 835 روپے کے اخراجات تھے فوٹو: فائل

احسان مانی کے تین سالہ دور میں 3 کروڑ 61 لاکھ،63 ہزار 835 روپے کے اخراجات تھے فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ چیئرمین رمیز راجا اور سابق چیئرمین احسان مانی کے اخراجات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

پی سی بی کی غیر ترمیم شدہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق 13 ستمبر کو بورڈ کے معاملات سنبھالنے والے رمیز راجا ذاتی حیثیت میں کوئی مراعات نہیں لے رہے، انہوں نے 70 ہزار روپے کا ڈیلی الاؤنس بھی نہیں لیا جو ان کا استحاق تھا۔ ان کے کھاتے میں صرف ایک لاکھ 50 ہزار 424 روپے موجود ہیں، اندرون ملک سفری اور ہوٹل اخراجات کی مد میں 67 ہزار 945 روپے خرچ ہوئے، 54 ہزار 247 روپے ڈرائیور جبکہ 21 ہزار 600 روپے سیکیورٹی گارڈ یا ملازم کے اخراجات ہیں۔ بزنس انٹرٹیمنٹ کی مد میں 6 ہزار632 روپے ہیں۔ رمیز راجا پیٹرول، موبائل، گھر کا کرایہ، گھریلو ڈرائیوراور میڈیکل سمیت بہت سی مراعات سے مستفید نہیں ہورہے جو سابق سربراہان لیتے رہے ہیں۔

سابق چیئرمین احسان مانی کے تین سالہ دور میں 3 کروڑ 61 لاکھ،63 ہزار 835 روپے کے اخراجات تھے۔ احسان مانی نے اس عرصے میں ایک کروڑ 54 لاکھ 14 ہزر 540 روپے کے الاونسز استحقاق کے باوجود نہیں لیے۔ اس سے پہلے نجم سیٹھی کے دور میں 4 کروڑ 5 لاکھ 39 ہزار کے اخراجات ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔