محسوس کرنے فیصلہ اور عمل کرنے والا انقلابی مادہ

جامعہ میسوری کا تیارکردہ میٹا مٹیریئل اپنے اطراف کے ماحول کی مناسبت سے ردِعمل کا اظہار کرتا ہے


ویب ڈیسک November 12, 2021
جامعہ میسوری کے ماہرین نے انقلابی میٹریئل تیار کیا ہے۔ فوٹو: فائل

سائنسدانوں نے 'میٹا مٹیریئل' کہلانے والے مادّے کی ایک نئی قسم تیار کرلی ہے جو اس کی پچھلی اقسام سے کہیں بہتر ہے۔ یہ نیا میٹا مٹیریئل اپنے ماحول کے لحاظ سےردِعمل دکھاتا ہے، آزادانہ طور پر فیصلہ کرتا ہے اور انسان کے بغیر بعض عمل بھی کرتا ہے۔

مثلاً ایسے مادوں سے ڈرون بنایا جائے تو وہ ہوا کی رفتار، بارش اور دیگر کیفیات کو محسوس کرکے اپنا راستہ بہتر بناسکتا ہے اور یوں بحفاظت کسی جگہ اپنا سامان پہنچاسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف میسوری میں انجینیئرنگ کے ماہر گؤلیانگ ہوانگ نے بتایا کہ ان کا تیارکردہ ذہین مٹیریئل عین قدرتی پودوں اور جانوروں کی طرح احساس کرتا ہے، معلومات کو پروسیس کرتا ہے اور اس پر ردِ عمل یا اظہار کرتا ہے۔ یعنی وینس ٹریپ کیڑے کی موجودگی پر فوری طور پر بند ہوجاتا ہے اور گرگٹ رنگ بدلتا ہے عین یہی مٹیریئل بھی یہ کام کرسکتا ہے۔

یوں میٹامٹیریئل کو طیاروں میں لگا کر ان کا شور کم کیا جاسکتا ہے اور دیگر کئی کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس مٹیریئل کو کنٹرول کرنے کے لیے اس میں چپ کی ضرورت پڑتی ہے تاکہ مطلوبہ کام انجام دیا جاسکے۔ اگلے مرحلے میں اس مٹیریئل پر مزید کام کرکے اسے حقیقی ماحول اور حالات میں آزمایا جائے گا۔ اس کی تفصیلات نیچر کمیونکیشن میں شائع ہوئی ہے۔

اس تحقیق کے وسائل امریکی فضائیہ اور آرمی ریسرچ آفس نے فراہم کئے ہیں جبکہ نیشنل سائنس فاؤنڈیشن نے بھی مالی اعانت کی ہے۔

مقبول خبریں