دورہ بنگلادیش؛ بائیوببل کی سختیوں سے جان چھوٹ گئی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 14 نومبر 2021
ہوٹل، پول، جمنازیم، اکیڈمی اور گراؤنڈ میں آزادانہ گھومنے پھرنے کی اجازت۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ہوٹل، پول، جمنازیم، اکیڈمی اور گراؤنڈ میں آزادانہ گھومنے پھرنے کی اجازت۔ فوٹو : انٹرنیٹ

لاہور: بنگلادیش میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کلیئر ہوگئے جب کہ بائیوببل کی سختیوں سے بھی جان چھوٹ گئی۔

بنگلادیش پہنچنے والے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آگئیں،ہفتے کی صبح ڈھاکا پہنچنے پر سیمپلز جمع کیے گئے تھے،ٹیم مینجمنٹ نے اتوار کو کوئی کرکٹ سرگرمی نہیں رکھی، قومی کرکٹرز ٹیم ہوٹل میں ہی جم اور پول سیشن کریں گے، پیر سے نیٹ پریکٹس کا آغاز ہوگا،کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک منگل کو بنگلادیش پہنچ جائیں گے۔

دریں اثناء بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ٹور میں کھلاڑیوں کو بائیوببل کی سختیاں برداشت نہیں کرنا پڑیں گی،کورونا کیسز میں کمی اور ویکسی نیشن میں اضافے کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے مینجڈ ایونٹ انوائرمنٹ(MEE) یعنی محفوظ ماحول کی لچکدار پالیسی متعارف کرائی ہے،اس کا پہلی بار اطلاق پاکستان اور بنگلادیش کی سیریز سے ہوگا۔

بی سی بی کے فزیشن منظور حسن چوہدری کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو بائیوببل جیسی سخت پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،کورونا ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد انھیں ہوٹل،سوئمنگ پول، جمنازیم، اکیڈمی اور گراؤنڈ میں آزادانہ آنے جانے کی اجازت ہوگی، امید ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک بہتر ماحول سے لطف اندوز ہوں گی۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کی بانسبت اس بار مختلف صورتحال ہوگی،کھلاڑیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے ان کو خدمات کرنے والے اسٹاف کیلیے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔پاکستان اور بنگلادیش کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 19 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا، مختصر فارمیٹ کے 3میچز کے بعد 2 ٹیسٹ بھی ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔