پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات نچلی ترین سطح پر آ گئے

کامران یوسف  پير 15 نومبر 2021
پاکستان کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سینئر عہدیدار۔ فوٹو : فائل

پاکستان کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سینئر عہدیدار۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات نچلی ترین سطح پر ہیں۔

حال ہی میں ہونے والے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کوبریفنگ کے دوران بتایا کہ اگر پاکستان مکمل طور پر چین کے کیمپ میں شامل ہوتا ہے تو اسے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے پاکستان کو امریکا اور چین سے تعلقات میں توازن برقرار رکھنا پڑے گا۔

ایک رکن پارلیمنٹ نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کمیٹی کو ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس وقت امریکا کے ساتھ تعلقات نچلی ترین سطح پر ہیں اور امریکا اور چین کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم کرنیکی کوششیں کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں، افغانستان سے انخلاء کے بعد امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ اگرچہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور اتحادی ہے تاہم  آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی کنجی امریکہ کے ہاتھ میں ہے اور وہ اس کے ذریعے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے اس کے علاوہ وہ ہماری برآمدات پر پابندیاں بھی لگوا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔