چیف ایگزیکٹیوکی تلاش زوروں پر پہنچ گئی

سلیم خالق  پير 15 نومبر 2021
آئی سی سی کے چیف فنانشل آفیسررہ چکے،سیاسی شخصیات بھی متحرک۔ فوٹو: پی سی بی

آئی سی سی کے چیف فنانشل آفیسررہ چکے،سیاسی شخصیات بھی متحرک۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو کی تلاش زوروں پر پہنچ گئی جب کہ زمبابوے کرکٹ کے سابق ایم ڈی فیصل حسنین بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔

وسیم خان نے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے  سی ای او کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، گوکہ سابق کپتان رمیز راجہ کے سربراہ بننے سے  اب اس پوسٹ پر کسی تقرری کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، مگر پی سی بی آئین کے تحت ایسا ہونا ضروری ہے،اس حوالے سے ایک ماہ قبل اشتہار دیا گیا تھا، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ27اکتوبر مقرر ہوئی،امیدوار کا کسی منظور شدہ یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری یا مساوی تعلیمی قابلیت کا حامل ہونا ضروری ہے،کرکٹ کیلیے کام کرنے یا اسپورٹس ایڈمنسٹریشن کا تجربہ لازمی نہیں لیکن اس کو ترجیح دی جائے گی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ کرکٹ بورڈ کو بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جنھیں شارٹ لسٹ کرنے  کا کام جاری ہے، زمبابوے کرکٹ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین بھی امیدواروں میں شامل ہیں،انھوں نے2018میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا، وہ 2002 سے 2008 تک آئی سی سی کے سابق چیف فنانشل آفیسر بھی رہ چکے ہیں،ان دنوں یو اے ای میں اسپورٹس،فنانس اینڈ مینجمنٹ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، وہ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے ٹریبیونل ممبر بھی ہیں،ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کرنے والے فیصل حسنین پاکستان اور برطانیہ کی دہری شہریت کے حامل ہیں۔

ذرائع نے  مزید بتایا کہ بعض سیاسی شخصیات کی بھی کوشش ہے کہ اپنے کسی ’’دوست‘‘ کو بورڈ میں فٹ کرا دیا جائے،گذشتہ دنوں ہمایوں فدا حسین کا نام بھی زیرگردش رہا البتہ  ذرائع کے مطابق وہ اس دوڑ میں شامل ہی نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ ان دنوں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کا چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔