آکلینڈ ٹیسٹ بھارت کیخلاف برینڈن اور ولیمسن کی سنچریاں

شیکھردھون نے دو کیچز ڈراپ کیے ، مرالی بھی فرسٹ سلپ میں گیند نہیں تھام پائے


Sports Desk February 07, 2014
آکلینڈ ٹیسٹ: بھارت کیخلاف سنچری داغنے پر کیوی بیٹسمین میک کولم مداحوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: گیٹی امیجز

ISLAMABAD: برینڈن میک کولم اور کین ولیمسن نے سنچریاں بناکر بھارتی بولرز کی ابتدائی کامیابیوں کو دھندلادیا۔

آکلینڈ ٹیسٹ کے ابتدائی دن ڈراپ کیچز کا فائدہ پانے والے کیویز نے 4 وکٹ پر329 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، کپتان 143رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کورے اینڈرسن بھی ففٹی سے آٹھ رنز کی دوری پر ہیں، انھوں نے 78 گیندوں پر 42 رنز ناٹ آئوٹ بنالیے، ان سے قبل کین ولیمسن 113 کی اننگز کھیل کر میدان بدر ہوئے، انھوں نے میک کولم کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 221 رنز کی شراکت بناکر مہمان بولرز کو بے اثر بنایا۔ تفصیلات کے مطابق آکلینڈ ٹیسٹ میں بھارتی کپتان دھونی کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ ابتدا میں سودمند رہا، کیویز کے تین ابتدائی پلیئرز 30رنز پر پویلین لوٹ گئے، ایشانت شرما نے 19 پر بھارت کو پہلی کامیابی اس وقت دلائی جب انھوں نے کیوی اوپنر ہمیش ردرفورڈ کو گلی پوزیشن میں اجنکیا راہنے کا کیچ بنایا، وہ محض6رنز بناسکے، پیٹرفلٹن بھی 13رنز بناکر ظہیرخان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اگرچہ انھیں ایک کے انفرادی اسکور پر اس وقت چانس بھی ملا جب دھون نے ظہیر کی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ کیا،ابرآلود موسم میں گرین وکٹ پر کیویز کیلیے ابتدا میں رنز کا حصول انتہائی مشکل رہا۔

 photo 4_zps6b0faf0f.jpg

لنچ پر ان کا اسکور 54-3 رہا، تاہم دوپہر میں سورج نکلتے ہی بھارتی بولرز کی شامت آگئی، کیوی بیٹسمینوں کی خوش بختی بھی نمایاں رہی، برینڈن میک کولم اور ولیمسن نے چوتھی وکٹ کیلیے221 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کو پہنچنے والے ابتدائی نقصانات کا ازالہ کردیا، اس دوران 32 کے انفرادی اسکور پر شامی احمد کی گیند پر فرسٹ سلپ میں مرلی وجے نے ولیمسن کا کیچ ڈراپ کیا اسی طرح برینڈن میک کولم بھی 102 پر جڈیجا کی گیند پر شیکھر دھون کے کیچ چھوڑنے پر اننگز کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوئے، ولیمسن 113 رنز بنانے کے بعد ظہیر خان کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں دھونی کا شکار بنے، تاہم میک کولم نے دن کے خاتمے تک اینڈرسن کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 78رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے مجموعے کو 4 وکٹ پر 329 تک پہنچادیا، ایشانت اور ظہیر نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔