2022 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میزبان شہروں کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  منگل 16 نومبر 2021
 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر 2022تک ہوگا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر 2022تک ہوگا

 لاہور: آسٹریلیا میں اگلے برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 7 میزبان شہروں کا اعلان کردیا گیا۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر 2022تک ہوگا، میچز کی میزبانی کے لیے ایڈیلیڈ، برسبین، ہوبارٹ، پرتھ، سڈنی اور میلبورن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سیمی فائنلز 9 اور 10 نومبر کو بالترتیب سڈنی اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جائیں گے، فائنل میلبورن میں تیرہ نومبر کو ہوگا۔

ٹی ٹونٹی چیمپئین آسٹریلیا نیوزی لینڈ پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش سپر 12 مرحلے میں کوالیفائی کرچکی ہیں، انگلینڈ، انڈیا اور جنوبی افریقا بھی براہ راست سپر 12 مرحلہ کھیلیں گی تاہم نمیبیا، اسکاٹ لینڈ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں راؤنڈ ون میں کھیلیں گی۔

آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے بقیہ چار ٹیمیں دوکوالیفائنگ ٹورنامنٹس سے آئیں گی۔ ایک  کوالیفائنگ ٹورنامنٹ  فروری میں عمان اور دوسرا جون جولائی میں زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔