پیپلز پارٹی کے رکن قادر خان مندوخیل پر قومی اسمبلی کے احاطہ میں داخلہ پر پابندی

ویب ڈیسک  جمعرات 18 نومبر 2021
گزشتہ روز اسپیکر اور قادر مندوخیل میں تلخ کلامی ہوئی تھی  فوٹو: فائل

گزشتہ روز اسپیکر اور قادر مندوخیل میں تلخ کلامی ہوئی تھی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: اسپیکر اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے رکن قادر خان مندوخیل پر قومی اسمبلی کے احاطہ میں داخلہ پر پابندی لگادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران غیر پارلیمانی رویے پر قادر خان مندوخیل کے قومی اسمبلی کے احاطہ میں داخلہ پر پابندی عائد کردی، قادر خان مندوخیل پر پابندی جمعے کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے ہوگی۔

اسپیکر نے یہ کارروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے رولز کے تحت تفویض اختیارات کے تحت کی ہے۔

 قادر خان مندوخیل نے کیا کیا تھا ؟

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پرقادر مندوخیل کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے تلخ کلامی ہوئی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اپنی حد میں رہیں، ورنہ معطل کر دوں گا، یہ کوئی طریقہ ہے؟۔ قادر مندوخیل کی جانب سے سخت بات کہے جانے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ انھیں اپنے اراکین کے رویے کا نوٹس لینا چاہیے کہ ‘کیا ایسے عزت کی جاتی ہے اسپیکر کی؟‘ جس پر بلاول بھٹو نے انھیں کہا کہ ’ہم ہمیشہ آپ کی اور آپ کے عہدے کی عزت کرتے ہیں۔ اور آپ کو بھی اپنے عہدے کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔