شام جنگجوؤں کا حلب کی جیل پر حملہ سیکڑوں قیدی فرار

جنگجوئوں نے جیل میں داخل ہونے کیلیے پہلے مرکزی گیٹ پر خودکش حملہ کیا،حلب میں 5 دن میں 246 افراد مارے گئے، میڈیا رپورٹس


AFP February 07, 2014
جنگجوئوں نے جیل میں داخل ہونے کیلیے پہلے مرکزی گیٹ پر خودکش حملہ کیا، حلب میں 5 دن میں 246 افراد مارے گئے، میڈیا رپورٹس. فوٹو اے ایف پی

شام کے باغیوں نے شورش زدہ شہر حلب کی مرکزی جیل پر قبضہ کرکے سیکڑوں قیدیوں کو رہا کردیا۔

اے ایف پی کے مطابق احرار الاسلام اور النصرہ فرنٹ کے جنگجوئوں نے جیل کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کرلیا ہے۔ جنگجوئوں نے جیل میں داخل ہونے سے قبل مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا کیا اس کے بعد کئی مسلح افراد اندر داخل ہوگئے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق جنگجوئوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا ہے۔ دریں اثنا حلب میں باغیوں کے ٹھکانوں پر سرکاری فوج کی طرف سے 5 دنوں کی بمباری میں 246 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 73 بچے بھی شامل ہیں۔ بمباری میں سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسد نے ملک میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔

 photo 5_zpsb3cea7db.jpg

انھوں نے اس بات کی تردید کی کہ امریکا کی پالیسی شام میں ناکام ہورہی ہے۔ جان کیری نے کہا کہ اس کے باوجود کہ صدر بشارالاسد جیت نہیں رہے لیکن پھر بھی انکی ملک میں پوزیشن مضبوط اور مستحکم ہوگئی ہے۔ ہم روس پر زور دیں گے کہ وہ اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے شام میں حالات کو معمول کے مطابق لانے کیلیے کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں رواں سال خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہونے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ کر60 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ رواں سال کے دوران شامی مہاجرین کی امداد کیلیے ساڑھے 6ارب ڈالرز کی امداد درکار ہے۔