لندن: برطانوی کامیڈین اور بچوں کی مقبول کتابوں کے مصنف ڈیوڈ ولیمز کو متعدد خواتین کی جانب سے جنسی بدسلوکی کے الزامات کا سامنا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے آئی ٹی وی نیوز اور اخبار دی گارڈین نے ان کا نام ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ولیمز نے ان الزامات کی اشاعت روکنے کے لیے عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ولیمز نے الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر یہ الزامات شائع کیے گئے تو وہ خودکشی کی کوشش کرسکتے ہیں۔ تاہم لندن ہائی کورٹ نے 3 نومبر کو ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ان کا نام ظاہر نہیں کیا تھا، لیکن 9 نومبر کو اپیل کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد میڈیا اداروں نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ شائع کردی۔
دی گارڈین کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق متعدد خواتین نے الزام لگایا ہے کہ ولیمز نے اپنی شہرت اور طاقتور سماجی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں جنسی مقاصد کے لیے نشانہ بنایا۔ ان خواتین میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو مبینہ واقعات کے وقت نوعمر یا کم عمر خواتین تھیں۔
رائٹرز کا کہنا ہے کہ وہ ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔ ولیمز کے وکیل نے بھی خبر رساں ادارے کی جانب سے تبصرے کے لیے کی گئی متعدد درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
ولیمز نے تحقیقاتی صحافیوں کو ایک ذاتی خط لکھ کر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات مسترد کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بعض افراد کے ساتھ اپنے غیر رسمی تعلقات کے دوران کبھی کبھار غیر محتاط رویہ اختیار کیا، لیکن اپنی شہرت یا طاقت کا ناجائز استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے خود کو جنسی استحصال کرنے والا شخص قرار دینے سے بھی انکار کیا۔
ولیمز کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الزامات کی اشاعت سے ان کی ذہنی صحت اور زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق بچپن کے گہرے صدمات سے جڑی شرمندگی اور میڈیا ٹرائل کا خوف ان کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
عدالت کے فیصلے کے خلاصے کے مطابق جج میتھیو نکلن نے تسلیم کیا کہ ولیمز کو پہلے سے ذہنی صحت کے سنگین مسائل اور خودکشی کے بڑھتے ہوئے خطرے کا سامنا تھا۔ جج نے یہ بھی قرار دیا کہ الزامات کی اشاعت ان کی زندگی کے لیے خطرہ پیدا کرسکتی ہے، تاہم خودکشی کو ناگزیر نہیں کہا جاسکتا۔
عدالت کے مطابق ولیمز کی حفاظت کی ذمہ داری ان کی دیکھ بھال کرنے والی ذہنی صحت کی خدمات پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ عدالت پر۔ میڈیا اداروں اور ان کے وکلا نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس بنیاد پر اشاعت روکنے کا حکم آزادیٔ اظہار کے لیے تشویش ناک مثال بن سکتا ہے۔
ڈیوڈ ولیمز نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں میٹ لوکاس کے ساتھ کامیڈی پروگرام لٹل برطین کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بچوں کے لیے کتابیں لکھنے کا سلسلہ شروع کیا اور ان کی کتابوں کی دنیا بھر میں 6 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ ان کی معروف کتابوں میں دی بوائے اِن دی ڈریس اور گینگسٹا گرینی شامل ہیں۔
وہ ٹی وی شو برٹینز گاٹ ٹیلنٹ میں جج بھی رہے، تاہم 2022 میں شو کے دوران امیدواروں کے بارے میں ان کے نامناسب تبصرے منظرِ عام پر آنے کے بعد انہوں نے پروگرام چھوڑ دیا اور اپنے تبصروں پر معذرت کی تھی۔
اس سے قبل دسمبر 2025 میں برطانوی پبلشر ہارپر کولنز نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ ولیمز کی نئی کتابیں شائع نہیں کرے گا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا تھا جب اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے پبلشنگ ادارے کی جانب سے اپنی بعض جونیئر خواتین ملازمین کو ہراساں کیے جانے کے الزامات کی تحقیقات کی خبر دی تھی۔ ولیمز کے ترجمان نے اس وقت بھی نامناسب رویے کے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔