خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل کا حملہ، ایک بھارتی سمیت چار افراد زخمی

جہاز پر مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے، جن میں چھ بھارتی شہری بھی شامل تھے


ویب ڈیسک November 11, 2026

خلیجِ عرب میں لائبیریا کے پرچم بردار بڑے آئل ٹینکر ایم ٹی فجیرہ انرجی کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان زخمی ہوگئے۔

بھارتی حکام کے مطابق جہاز پر سوار چھ بھارتی شہریوں میں سے ایک کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جسے طبی معائنے کے لیے ساحل پر منتقل کردیا گیا ہے۔

خلیج نیوز کے مطابق بھارتی وزیر برائے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہیں سربانند سونووال نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ یہ واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا۔ جہاز پر مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے، جن میں چھ بھارتی شہری بھی شامل تھے۔

بھارتی وزیر کے مطابق عملے کے باقی 18 ارکان، جن میں دیگر پانچ بھارتی ملاح بھی شامل ہیں، محفوظ ہیں اور ان کی موجودگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بھارتی حکومت جہاز کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور عملے کی حفاظت، طبی امداد اور خیریت کی نگرانی کر رہی ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے 11 نومبر کی صبح آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سے متعلق واقعے کی اطلاع موصول ہونے کی تصدیق کی۔

ادارے کے مطابق واقعے کے وقت عملے کی حالت، جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں تفصیلات دستیاب نہیں تھیں۔ یو کے ایم ٹی او نے اس علاقے سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ایک الگ واقعے میں متحدہ عرب امارات کی کمپنی اے ڈی این او سی لاجسٹکس اینڈ سروسز نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک بحری جہاز کو 10 نومبر کی سہ پہر خلیجِ عرب میں اماراتی سمندری حدود کے اندر حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا۔

کمپنی کے مطابق متعلقہ اداروں کی ٹیمیں صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہیں، تاہم جہاز کی شناخت، نقصان کی نوعیت اور حملے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

کمپنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔