ریاض:
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفیر احمد فاروق کی تخلیق کردہ پینٹنگز کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہزادہ سلطان بن سلمان آل سعود اور اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ڈپلومیٹک کوارٹر میں منعقدہ نمائش میں پاکستانی سفیر کے تیار کردہ فن پارے پیش کیے گئے، جن میں سعودی عرب کے تاریخی علاقے الدرعیہ، قدیم عرب معاشرت، روایات اور ثقافت کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا۔ مختلف ممالک کے سفیروں اور دیگر شرکا نے فن پاروں کو سراہا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب قدیم عرب روایات اور تاریخی ورثے کا امین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے وہ تاریخی علاقے الدرعیہ کو اپنی پینٹنگز کا موضوع بنا رہے ہیں، جس کا مقصد فن کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی تعلقات اور مشترکہ ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنا ہے۔
شہزادہ سلطان بن سلمان آل سعود نے پاکستانی سفیر کی فنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پینٹنگز میں سعودی ثقافت اور روایات کی خوبصورت عکاسی قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی ثقافت کے حوالے سے دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان بھی ایک خوبصورت ملک اور بے پناہ صلاحیتوں کی حامل قوم ہے۔