پاکستان میں عمران نیازی کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے شہبازشریف

عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے، شہبازشریف


ویب ڈیسک November 19, 2021
حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن چیمبر میں ہوا، جس میں مشترکہ اجلاس میں حکومت کے قانون سازی بلڈوز کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا، اور متحدہ اپوزیشن کے حکومتی قانون سازی عدالت میں چیلنج کرنے پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کی فسطائیت اور آئین دشمنی کو چیلنج کریں گے، اور اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی اصلاحات اتفاق رائے کے بغیر ہوئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئین حکومتی قانون سازی کو قانونی نہیں مانتا، فرمانِ عمران نیازی مسترد کرتے ہیں، موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے، عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے، ظالم ، عوام دشمن اور قانون شکن حکومت کا ساتھ دینے والے عوام کے مجرم ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کمشن کا بیان حکومتی قانون سازی ، ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے، عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے، ایل پی جی، آٹا، چینی، دوائی، بجلی گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، جو حکومت ایک کلو آٹا، چینی اور سلنڈر سستا نہیں کرسکتی، وہ نیا گھر دینے کی بات کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، اپوزیشن کے اتحاد اور جذبے کو سراہتا ہوں، اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی، آئین اور عوام کو ریلیف دلائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں