قوم پرستوں کی ہڑتال پیپلزپارٹی اور متحدہ مشترکہ حکمت عملی پر متفق

وزیر اعلیٰ ہائوس میں دونوں جماعتوں کے نئے بلدیاتی آرڈیننس اور دیگر امور پر طویل مذاکرات


Staff Reporter September 11, 2012
وزیر اعلیٰ ہائوس میں دونوں جماعتوں کے نئے بلدیاتی آرڈیننس اور دیگر امور پر طویل مذاکرات

پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2012 ء کے مکمل نفاذ کے حوالے سے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ ہائوس میں9 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔

اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دونوں جماعتوں کے رہنماؤں اور محکمہ قانون اور بلدیات کے افسران نے شرکت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے کہ قوم پرستوں کی جانب سے جمعرات کو دی گئی ہڑتال کی کال کے خلاف دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر حکمت عملی بنائیں گی اس سلسلے میں طے کیا گیا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ان کے خدشات دور کیے جائیں گے ۔

دونوں جماعتوں میں اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ نیا بلدیاتی آرڈیننس صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے لایا گیا ہے اور اس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا جبکہ بعض عناصر اسے پڑھے بغیر اس پر تنقید کررہے ہیں دونوں جماعتوں نے اس پر بھی مشترکہ حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ عوام کو درست صورتحال سے آگا کیا جائے۔